کراچی(نیوز رپورٹر) آل سندھ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لوئر اسٹاف ایسوسی ایشن کے تحت گریڈ1تا4گریڈ کے ملازمین نا انصافی کے خلاف اور 13نکاتی مطالبات کے حق میںبدھ کے روز کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور اور دھرنا بھی دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں لوئر گریڈ ملازمین نے شرکت کی ۔احتجاجی دھرنے کی قیادت لوئر اسٹاف کے مرکزی صدر وزیر احمد کیریو کر رہے تھے جبکہ لوئر اسٹاف کے ریجنل صدرکراچی محمود عالم اور نائب صدر کراچی نورالدین میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر احتجاجی ملازمین نے ہمارا حق ہمیں دو ،لوئر اسٹاف کیساتھ زیادتی بند کرو ،اسٹاف اتحاد زندہ باد ،جدوجہدجاری رہے گی کہ فلک شگاف نعرے بھی لگائے ۔ لوئر اسٹاف کے مرکزی صدر وزیر احمد کیریو نے احتجاجی شرکاء سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے13نکاتی مطالبات جائز ہیں اور ایسا بالکل نہیں کہ حکومت کے تسلیم کرنے سے بھونچال آجائیگا ۔انہوں نے کہاکہ مسلسل مہنگائی اور نا انصافی کے رویے سے لوئر گریڈ ملازمین میں احساس محرومی بڑھ رہی ہے اگر ملازمین کے مسائل فوری حل نہ ہوئے تو ان ملازمین کو کنٹرول کرنا ہمارے بس مین بھی نہیں ہوگا اس لئے صوبائی حکومت اور محکمہ تعلیم ہوش کے ناخن لے ۔مقررین نے کہا کہ آل سندھ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لوئر اسٹاف ایسوسی ایشن کراچی ریجن کا مطالبہ ہے کہ لوئر گرید ملازمین کیلئے ٹائم اسکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ،2012ء کے57ملازمین کی 53ماہ سے بند تنخواہ کھولی جائے ،کلرک پروموشن 50فیصد کی جائے ،تعلیم یافتہ لوئر گریڈ کا ٹیچنگ کوٹہ 20فیصد کیا جائے ،2007ء کے ملازمین کی سروس شامل کی جائے ،2001سے بند تعلیمی انکریمنٹ بحال کیا جائے ،،اسپیشل الائونس گریڈ1تا4تک کے تمام ملازمین کو دیا جائے ،وردی الائونس 5ہزا روپے دیا جائے ،بائیو میٹرک کی آڑ میں بند آئی ڈیز کھولی جائے ،انٹر گیٹیڈ الائونس گریڈ1تا4سب کو دیا جائے ،سن کوٹہ دیاجائے ،میڈیکل کی سہولت دی جائے اور لوئر گریڈ ملازمین کو دیگر محکموںکی طرح مراعات دی جائیں ۔