جامعہ اردو‘ انتظامی اورمالی مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پرکام جاری

کراچی(نیوز رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ قائم مقام شیخ الجامعہ کے چارج سنبھالنے کے بعد سے یونیورسٹی کو درپیش انتظامی و مالی مسائل کو حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ وفاقی حکومت کی فنانس ڈویژن کا وفاقی ملازمین کا رینٹل سیلنگ میں اضافہ کے اعلامیہ کے باوجود ملازمین کو یہ ادائیگی نہیں کی جارہی تھی، رواں ماہ سے تمام ملازمین کا رینٹل سیلنگ الاؤنس اضافہ کے ساتھ جاری کردیا گیا ہے جس پر ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی کو عرصہ دراز سے درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے ادارہ جاتی اقدامات کرنے کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے اضافی گرانٹ حاصل کرنے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ قائم مقام شیخ الجامعہ تواتر کے ساتھ رئوسائے کلیہ جات اور صدور شعبہ جات سے ملاقات کر کے تدریس و تحقیق کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز لیتے ہیں اور تمام فوری نوعیت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ترجمان نے آگاہ کیا ہے کہ شیخ الجامعہ نے کراچی کے دونوں کیمپسز کا دورہ کر کے طلبہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور شعبہ جات کی طرف سے نشاندہی پر طلبہ کے لیے فوری طور پر کرسیوں کی خریداری کے احکامات دئیے ہیں ۔ گزشتہ دنوں عبدالحق کیمپس کے دورہ کے دوران شیخ الجامعہ نے اساتذہ کو اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے غیر فعال ریسرچ سینٹر کو فوری فعال کرنے کے بھی احکامات دئیے۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ یونیورسٹی کے مالی مسائل کے ساتھ ساتھ انتظامی معاملات کو بھی بہتر بنانے کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ کئی اساتذہ نے انتظامی اضافی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کی درخواست دی جس پر معزز اساتذہ کرام کو انتظامی اور تکنیکی نوعیت کی اضافی ذمہ داریاں واپس لیتے ہوئے ان عہدوں پر متعلقہ شعبوں میں اہلیت رکھنے والے افسران کو تعینات کیا جارہا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف اساتذہ اضافی ذمہ داریوں سے مبرا ہو کر اپنی تمام تر توجہ اپنے بنیادی فرائض یعنی تدریس اور تحقیق پر مرکوز کرسکیں گے بلکہ اضافی عہدوں کی مد میں دئیے جانے والے الاؤنسز کو روک کر یونیورسٹی کے مالی مسائل کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ اردو یونیورسٹی کے ترجمان کے بیان کے مطابق تکنیکی و انتظامی عہدوں پر متعلقہ اہلیت کے افسران کو تعینات کرنا ترجیحات میں شامل ہے جس سے ادارہ کی تدریس و تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مالی مسائل اور انتظامی مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن