نوول کرونا وائرس میں اضافہ کا خدشہ ، بھارتی پنجاب میں تعلیمی ادارے بند ، رات کاکرفیونافذ   

Jan 06, 2022

نئی دہلی(شِنہوا) بھارت کی شمالی ریاست پنجاب کی مقامی حکومت نے نوول کرونا وائرس کیسز میں اضافہ کے پیش نظر منگل کے روز سکول اور کالجز کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے اس کے علاوہ عوامی نقل و حرکت کو محدود کرنے کیلئے رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔تازہ پابندیوں کا اعلان ریاست میں نوول کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلی چرن جیت سنگھ چاننی کی زیر صدارت ایک اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔منگل کو جاری ہونیوالے نئے حکم نامے کے مطابق تمام تعلیمی ادارے بشمول سکول، کالج اور یونیورسٹیاں آف لائن کلاسز کیلئے بند رہیں گے جبکہ ورچوئل کلاسز جاری رہیں گی۔ تاہم میڈیکل اور نرسنگ کالجوں کو معمول کے مطابق کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔حکم میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے تمام شہروں اور قصبوں کی میونسپل حدود میں مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان تمام غیر ضروری سرگرمیوں کیلئے افراد کی نقل و حرکت پر پابندی ہو گی۔ ضلعی حکام کو اس کے مطابق ممنوعہ احکامات جاری کرنے اور اس حکم نامے کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔ہدایت کے مطابق پابندیوں کا نیا مجموعہ 15 جنوری تک نافذ العمل رہے گا۔

مزیدخبریں