گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) محنتی اور لائق طلبہ و طالبات ملک کا سرمایہ ہیں۔ ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا وقت کا تقاضا ہے۔پاکستانی طلباء ذہین ہیں جو ملکی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہیں بچوں نے آگے بڑھ کر ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈووکیٹ کامران اولکھ نے ٹرائی ایلفاء ایجوکیٹرز ہاشمی کالونی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور تعلیم کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ نجی تعلیمی ادارے بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کرکے ایک بہترین معاشرہ تشکیل پارہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ماہر تعلیم رفاقت علی اور ڈائریکٹر سکول عزیز الرحمان مغل کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک بنانے کے لئے تعلیم ہی واحد سہارا ہے۔ تقریب میں حبیب الرحمان، حافظ عتیق الرحمان، سمیر حسین ایڈووکیٹ، آصف مغل، ڈاکٹر انس مغل، قاری کفایت، ڈاکٹر معیز چوہدری، عبدالرحمان اور امجد خان سمیت والدین، اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔