قصور(نمائندہ نوائے وقت) آر پی او شیخوپورہ مرزا فاران بیگ نے ضلع قصور کا دورہ کیا، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ او ز سے کرائم میٹنگ کی، کرائم اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا، کئی ایک انفرادی مقدمات کو زیر بحث لایا گیا، اس موقع پر ڈی پی اوقصور صہیب اشرف، ایس پی انویسٹی گیشن حافظ کامران اصغر ودیگر پولیس افسر بھی موجودتھے۔ آر پی او شیخو پورہ نے کہاکہ مجرما ن اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، اے کیٹگری کے اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، قانون کی بالادستی کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہو گی، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش،آتش بازی اور پتنگ بازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ جو پولیس افسر جرائم پر قابو نہیں پاسکتا اسے ایس ایچ او رہنے کا کوئی حق نہیں۔ میٹنگ کے دوران آر پی او شیخوپورہ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پولیس افسروں و اہلکاروں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کیے۔آر پی او شیخو پورہ ریجن کی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
آر پی او شیخوپورہ کا دورہ ضلع قصور ‘ امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا
Jan 06, 2022