لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسٹریٹجک روڈ میپ 2022 کی منظوری دے دی ہے تاکہ ملک میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سازگار ماحول مہیا کیا جا سکے۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے میٹنگ ہال میں ہونے والے اجلاس کے دوران ڈائریکٹرز نے بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کیلئے بنیادی مقاصد طے کیے ہیں۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے یہ نکات بھی منظور کئے گئے کہ بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی کیلئے ہم آہنگی اور سہولت کاری پیش کی جائے گی جبکہ مؤثر سپورٹ سسٹم کوآپریشنل کرنا اور جامع مارکیٹنگ اور خصوصی پروگراموں کے ذریعے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے نکات پر اتفاق کیا گیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یورپین ڈیسک، نارتھ امریکہ ڈیسک، چائنا اینڈ جنوب ایشیائی ڈیسک، مشرق وسطیٰ ڈیسک اور وسط اور جنوبی ساؤتھ ایشیا ڈیسک قائم کیے۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فضیل آصف جاہ نے کہا کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت ملکی و بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کو سہولت کاری فراہم کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔پی بی آئی ٹی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے میگا ایونٹس، پینل مباحثوں، پبلک پرائیویٹ مکالموں اور تحقیقی پبلیکیشنز کا انعقاد کرے گی، جبکہ پنجاب میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے دنیا کو روشناس کروانے کیلئے بین الاقوامی معیار کی مارکیٹنگ حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ حکومت جرأت مندانہ اقتصادی اصلاحات متعارف کر رہی ہے جس سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کو معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری میں مدد ملی ہے۔
ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہمی میںپرعزم ہیں: چیئرمین پی بی آئی ٹی
Jan 06, 2022