وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی(آر یو ڈی اے )، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی ) والٹن اور نالہ لئی ایکسپریس وے جیسے جدید رئیل اسٹیٹ منصوبوں کے ذریعے شہروں کی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات ہیں جن کی جلدازجلد تکمیل کے لئے تیزی سے کام کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو آر یو ڈی اے اور سی بی ڈی پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ان جدید منصوبوں کے ذریعے غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کی صورت میں پڑے مردہ سرمائے کو قیمتی اثاثے میں تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ منصوبے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا کریں گے بلکہ بڑھتی شہری آبادی کی ضروریات کو بھی پورا کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سی بی ڈی نے لاہور ڈائون ٹاؤن میں 7 مکس یوز کمرشل پلاٹوں کی نیلامی کے ذریعے آمدنی پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کے علاوہ برج الجناح کی تعمیر، پاکستان کی بلند ترین فلک بوس عمارت؛ باب پاکستان میں دو پریمیم رہائشی ٹاورز اور 500 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر؛ سی بی ڈی اسکوائر اور والٹن روڈ فلائی اوور کی تعمیر اور والٹن ہوائی اڈے کی میراث برقرار رکھنے کے لئے کلاسک ایوی ایشن میوزیم کی تعمیر بھی سی بی ڈی کے اہداف میں شامل ہیں۔