اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ایف سی اور موٹر وے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تین سال سے ایک ہی عہدے پر رہنے والے افسران کے تبادلے کئے جائیں۔ پی اے سی نے اسلام آباد کلب کی ممبرشپ فیس میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد کلب انتظامیہ کو آئندہ اجلاس میں وضاحت کے لئے طلب کر لیا۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں پی اے سی کے چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت مواصلات کے 2019-20 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ ایک آڈٹ اعتراض کا جائزہ لیتے ہوئے کمیٹی کے رکن شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ جی ٹی روڈ کا براحال ہے اور این ایچ اے کا عملہ انتہائی بد تمیز ہے۔ پی اے سی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہاکہ ہماری سڑکیں غیر محفوظ اور خراب ہیں۔ چیئرمین این ایچ اے نے کہاکہ موٹر وہیکلز ٹیکس صوبائی ٹیکس ہے۔ٹول ٹیکس شاہراہوں کی مرمت کے لئے لیاجاتا ہے۔ استفسار پر این ایچ اے ممبر فنانس نے کہا کہ موٹر ویز سیوصول ہونے والے ٹیکسوں کی تفصیلات فی الحال میسر نہیں ہے۔ نور عالم خان نے کہا کہ موٹروے پر ٹھیک جگہ بلا وجہ توڑ دی جاتی ہے۔ ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر سروس ایریاز اور پولیس سکیورٹی نہیں ہے۔ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر اگر کسی کا ٹائر پنچر ہو جائے تو وہ کیا کریگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی اے سی کو ہکلہ ڈی آئی خان موٹروے پر تفصیلی بریفنگ دی جائے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے این ایف حکام کی جانب سے مبینہ طورپر رشوت لینے کی ویڈیو کے معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے پی اے سی نے برہمی کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی اے این ایف کو آئندہ اجلاس میں وضاحت کے لئے طلب کر لیا۔
پی اے سی اجلاس‘ ایف سی‘ موٹروے پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش
Jan 06, 2023