لاہور( این این آئی)چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فلیگ شپ منصوبے رشکئی سپیشل اکنامک زون فیز 1 کی تعمیر کا95فیصد کام مکمل ہو گیا۔
چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن اورخیبر پی کے اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی رشکئی سپیشل اکنامک زون تیار کر رہی ہے جو تقریباً 1,000 ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔فیز 1 میں کیمپ کی باڑ، آبزرویشن ٹاورز، گرڈ سٹیشن، سیوریج پائپ لائن، مین گیٹ، ریسپشن سنٹر، ایچ بی ایل بنک اور مین روڈ کا مکمل فرش شامل ہے۔ اس ماہ کے شروع میں جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میںرشکئی سپیشل اکنامک زون میں پراجیکٹ منیجر سی آر بی سی ہی پینگ نے کہا کہ فیز ون کی کی تقریباً 95 فیصد تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ گیس اور بجلی جیسی افادیتیں پہلے ہی مکمل ہو چکی ہیں جو فیز ون سے منسلک ہیں،جس میں سمارٹ میٹرنگ سٹیشن بھی شامل ہے۔ یوٹیلیٹیز کو زون کے مختلف دفاتر سے بھی جوڑا گیا ہے۔بجلی کے لیے، اب تک گرڈ سٹیشن اور اندرونی 11کے وی KV ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی اسے فعال کر دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو رشکئی سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں۔رشکئی سپیشل اکنامک زون میں 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی صلاحیت موجود ہے اور اس کی تکمیل سے 200,000 مقامی لوگوں کو بالواسطہ اور بلا واسطہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔