عمران کو فائر نہیں لگا ڈرامہ کر رہے ہیں راناثنا: پولی گرافک ٹیسٹ کا چیلنج



 اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان حملہ کیس میں بننے والی جے آئی ٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو کوئی فائر نہیں لگا، وہ ڈیڑھ ماہ سے صرف ڈرامہ کررہا ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ عدالت اور میڈیا تک نہیں پہنچی مگر فواد چوہدری کو مل گئی ہے جس پر سوال بنتا ہے کہ وہ کیسے ملی۔ معظم خان کو عمران خان کے محافظ کی گولی لگی تھی جس کو گرفتار کرکے تفتیش میں شامل کرنا چاہئے۔ وزارت مذہبی امور قرآنِ پاک کا عربی اور ترجمے کے حوالے سے مستند نسخہ تمام صوبائی قرآن بورڈ کی تائید حاصل کرنے کے بعد پیش کرے گی۔ جو ہر اعتبار سے متفقہ، مستند اور بہتر ہوگا۔ ریاست مخالف سرگرمیاں کرنے والی کسی دہشت گرد تنظیم یا جماعت کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے، اگر مذاکرات ہوں گے تو افغانستان حکام کے ساتھ ہوں گے۔ جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغان طالبان حکام کی طرف سے پاکستانی سفارت خانے پر حملے میں ملوث داعش کے دہشت گردوں کی ہلاکت پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک وزارت خارجہ اس معلومات کی تصدیق نہیں کرتی اس وقت تک یہ صرف معلومات ہی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامی کمیٹی (این ایس سی) نے فیصلہ کیا تھا کہ ریاست مخالت سرگرمیاں کرنے والی کسی تنظیم یا جماعت سے مذاکرات نہیں ہوں گے کیونکہ ماضی میں بھی اس کا کوئی اثر نہیں ہوا، لہٰذا اگر مذاکرات ہوں گے بھی تو افغانستان حکام کے ساتھ ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر وہ پاکستانی جو کسی وجہ سے بھی کسی ایسے عمل کا شکار ہوا جو قانون و آئین کے خلاف ہے تو اس کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے اس عمل کی بنیاد پر قانونی طریقہ کار سے گزرے اور ریاست کو یقین دہانی کرائے کہ وہ ریاست کے وجود، آئین اور قانون کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی بھی دہشت گرد فرد یا تنظیم سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے عمران خان پر حملے کی تفتیش کے لیے قائم جے آئی ٹی کی سربراہی غلام محمد ڈوگر کر رہے ہیں جو متنازع شخص ہیں۔ اس بات کو دو ماہ سے زیادہ کا وقت ہو چکا ہے مگر ابھی بھی عمران خان ڈرامہ کر رہا ہے، لہٰذا ان کو فائر نہیں لگا صرف ڈرامہ کر رہا ہے کیونکہ اگر گولی لگے اور زخم نہ ہو یہ ممکن نہیں فریکچر نہ ہو اور اس زخم کا دورانیہ بھی دو ہفتوں تک ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ فراڈیا اب کہہ رہا ہے کہ میں مزید ایک ماہ تک اس قابل نہیں کہ چل سکوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے میں ایک ہی ملزم نوید شامل تھا اور ایک ہی فائرنگ ہوئی کیونکہ ملزم مذہبی طور پر شدید جنونی تھا جس کے آگے پیچھے کوئی نہیں اور اس کا بیان بھی سو فیصد درست ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ متعدد سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں جن میں ظاہر ہے کہ ایک ہی شخص نے پستول نکال کر فائرنگ کی تھی اور کوئی دوسرا ملزم شامل نہیں تھا جبکہ ایک گولی کنٹینر سے چلی تھی جو کہ معظم خان کو لگی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معظم خان کو عمران خان کے محافظ کی گولی لگی تھی جس کو گرفتار کرکے تفتیش میں شامل کرنا چاہیے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان گزشتہ دو ماہ سے ملک کے دیوالیہ ہونے کی مہم چلا رہا ہے جو کہ ملک دشمنی پر مبنی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور قرآنِ پاک کا عربی اور ترجمے کے حوالے سے مستند نسخہ کی تمام صوبائی قرآن بورڈ کی تائید حاصل کرنے کے بعد پیش کرے گی جو کہ ہر اعتبار سے متفقہ، مستند اور بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ پاک کا مستند نسخہ ضلعی اور تحصیل سطح پر پہنچایا جائے گا اور تمام صوبائی حکومتیں اور مرکزی مذہبی امور کی وزارت اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ عربی اور ترجمے کے حوالے سے قرآن پاک کا مستند ہونا کسی شک و شبے سے بالاتر ہو اور اگر کوئی رخنہ ڈالنے کی کوشش کرے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بعض افراد سوشل میڈیا پر بھی قرآن پاک کے ترجمے کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالتے ہیں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)  وزارت مذہبی امور کی کوآرڈینیشن سے اس عمل کو چیک کرے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ یہ ایک فرض ہے ہم اس کو نبھانے کی کوشش کر رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے اس سلسلے میں اچھا کام کیا ہے، قرآن پاک کی حفاظت کے لیے ہم پہلے ہی متحرک ہیں، قرآن پاک کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ ہے۔ مفتی عبدالشکور کا کہنا تھا کہ جو ترجمہ قرآن پاک پہلے ہوچکا ہے اس پر سب کا اتفاق ہے، تمام مسالک کو بٹھا کر ایک قرآن پاک کے ترجمے پر اتفاق کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا چیلنج دے دیا اور کہا ہے کہ اگر عمران خان پولی گرافک ٹیسٹ میں سچا ثابت ہو گیا تو پھر جو مرضی الزام ہم پر لگائے ہم تسلیم کر لیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتی کمشن بنانے کا کہیں میں خود اس میں پیش ہو گا۔ عمران خان نے ملزم نوید کے پولی گرافک ٹیسٹ پر اعتماد کیا کے ایسا اپنا بھی ٹیسٹ کروا لیں۔ یہ انتہائی دو نمبر آدمی ہے، حملے میں جتنے بھی لوگ زخمی ہوئے ٹھیک ہو گئے۔ اس کا زخم دو مہینے میں ٹھیک نہیں ہو رہا۔ اس کی سیاست یہی رہ گئی ہے کہ جھوٹا الزام لگائو، پروپیگنڈا چلاؤ۔ عمران خان گن مین نے جو فائر کیا وہ معظم کو لگا، اس کی ویڈیو موجود ہے کوئی دوسرا فائر کر رہا تھا تو پکڑا کیوں نہیں گیا۔ ویڈیو میں کیوں نہیں آیا۔ اگر وہ ملزم اور تھے تو ان کی اپنی جے آئی ٹی نے انہیں کیوں تلاش نہیں کیا؟ میری معلومات کے مطابق ملزم نوید کے فون کا فرانزک ہو چکا ہے۔ کیا وفاقی ادارے سے بات کیِ، کیا وہ کس نے انکار کیا؟ جے آئی ٹی نے جن لوگوں کے بیانات ریکارڈ کئے انہیں ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔


رانا ثناء 

ای پیپر دی نیشن