دنیا بھر میں کشمیریوں نے حق خودارادیت  منایا احتجاجی مظاہرے خطے  کا امن مسئلہ کے حل سے منسلک : صدر وزیر اعظم



 اسلام آباد، نئی دہلی‘ مظفر آباد، سری نگر (خصوصی نامہ نگار+ کے پی آئی) آزاد کشمیر، مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام نے جمعر ات کو یوم حق خود ارادیت منایا۔ یہ دن منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی  تھی۔ مقبوضہ کشمیر، آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام بڑے دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز، کانفرنسز اور مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ نام نہاد تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے ضلع کپواڑہ میں گھروں پر چھاپوں کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ضلع بڈگام میں بھارتی ایئر فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے خودکشی کر لی۔ دوسری جانب بھارتی حکومت نے اعزاز احمد اہنگر عرف ابو عثمان الکشمیری نامی  شہری کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اعزاز افغانستان میں مقیم ہے، یو اے پی اے قانون کے تحت دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔  سابق وزیراعلی و پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ مسائل سے نمٹنے کے لیے بندوق فراہم کرنا حکومت کی طرف سے کوئی حل نہیں ہے۔  محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایسا کرکے بی جے پی لوگوں کے درمیان تفریق و تقسیم پیدا کرنے کے اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ صدر عارف علوی اوروزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اور ترقی تنازعہ کشمیر کے حل سے منسلک ہے۔ حق خودارادیت کے دن کے موقع پر عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ وہ کشمیریوں کو ان کے قانونی حق کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور ترقی کا دارومدار تنازعہ کشمیر کے حل پر ہے، عالمی برادری اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا قانونی حق دلائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو 5 اگست کے یک طرفہ اقدام کو فوری واپس لینا چاہئے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لئے حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ایسے اقدامات کرے جس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر کے عوام کے عزم کے احترام کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلظ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ کے گزشتہ 75 سال کشمیری عوام پر جبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دہشت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔  بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار اقلیت میں تبدیل کرنے کے لئے مقبوضہ وادی میں آبادیاتی اور سیاسی تبدیلیاں کر رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور اس کیلئے مناسب اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے لئے اپنا کردار ادا کرنے، کشمیری عوام  کے حق  خود ارادیت کے حصول تک ہماری بھرپور، ثابت قدم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے کے وعدے کی تکمیل کو یقینی بنائے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر کے کشمیری اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (یو این سی آئی پی) کی منظور کردہ قرارداد کی 74 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس وعدے کی تکمیل کو یقینی بنائے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول میں مدد فراہم کرے۔بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 5 جنوری 1949 کو منظور کی گئی اپنی قرارداد کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرائے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹرز آزادی پسند تنظیموں جموں و کشمیر وارثین شہدا،، جموں کشمیر لبریشن الائنس، فلاح پارٹی، جموں و کشمیر جسٹس پارٹی، جموں و کشمیر ڈیمو کریٹک موومنٹ، جموں کشمیر پولیٹیکل ریز سٹنس موومنٹ، جموںکشمیر صدائے مظلوم سٹوڈنٹس اور یوتھ فورم نے چسپاں کیے ہیں۔

یوم حق خود ارادیت 

ای پیپر دی نیشن