انٹرا پارٹی الیکشن، مسلم لیگ ن کو 7 روز کا شوکاز نوٹس دینے کا حکم 

Jan 06, 2023



اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر نے مسلم لیگ (ن) کو 7دن کا شوکاز نوٹس جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر احسن اقبال اور شہبازشریف کو جاری نوٹس کی سماعت کی جس سلسلے میں (ن) لیگ کی جانب سے وکیل ارشد جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ (ن) لیگ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ 30 دسمبرکو انٹرا پارٹی الیکشن ہو جائے گا۔ اس پر (ن) لیگ کے وکیل نے کہا کہ 30 دسمبر کو انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کراسکے اب 31 جنوری کو کرا دیں گے۔ احسن اقبال نے اس متعلق درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے، 31 جنوری کو پارٹی الیکشن ہوجائے گا، آخری موقع دے دیں۔ (ن) لیگ کے وکیل کے مؤقف پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ جو جماعت اپنے الیکشن نہ کراسکے وہ باقی الیکشن کیا کرائے گی؟ ہمیں آپ کا انتخابی نشان منسوخ کر دینا چاہیے، پھرہی انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کبھی کرونا کا کہہ دیتے ہیں،کبھی کوئی بہانا کرتے ہیں، (ن) لیگ کو 7 دن کا شوکاز نوٹس جاری کریں، یہ فائنل شوکاز ہے اس کے بعد انتخابی نشان واپس لینے کا شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔
انٹرا پارٹی 

مزیدخبریں