لاہور+ گوجرانوالہ+ وزیر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان جیسا لیڈر پاکستان میں پیدا نہیں ہو گا۔ قائد اعظم کے بعد عمران خان جیسا ایماندار لیڈر پہلی بار پاکستان کو ملا ہے۔ انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے بڑی ترقی کرنی ہے۔ سارے نالائق ن لیگ والے سب پیچھے رہ جائیں گے۔ شہباز شریف مکمل طورپر ایکسپوز ہوگیا ہے۔ ن لیگ والوں کو کسی چیز کی سمجھ نہیں۔ وہ وزیر آباد میں چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبے اور ہسپتال میں جدید مشینری کی فراہمی کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ گورنر پنجاب نے جو حکم دیا ہے وہ غیر قانونی ہے۔ ہم گورنر کے اس غیر قانونی حکم کو نہیں مانتے۔ ہمیں گورنر کے غیر قانونی حکم پر عمل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ وزیر اعلی نے بتایا کہ ہم نے پنجاب کے مختلف محکموں میں بھرتیوں سے پابندی اٹھا لی ہے۔ چند ماہ میں ایک لاکھ سے زائد نوکریاں دیں گے۔ ترکیہ کی کمپنی اوزپاک سے صفائی کا معاہدہ ہوگیا ہے اب آپ کو ہر شہر میں صفائی کی صورتحال میں بہتری نظر آئے گی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری حکومت مضبوط ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم او رعوا م کی دعاؤں سے وزارت اعلیٰ ملی ہے۔ وزارت اعلیٰ کا منصب غریب عوام کے لئے وقف کیا ہے۔ غریب لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے دن رات ایک کیا ہوا ہے۔ شہباز شریف اور ن لیگ کی حکومت نے پوری کوشش کی کہ پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد نہ چلے لیکن الحمدللہ یہ ہسپتال اب چل پڑا ہے۔ ہسپتالوں میں ہر قسم کی دوائی مفت ملے گی۔ وزیرآباد اور گجرات کے ڈاکٹروں کو اچھی رہائش کی سہولت دیں گے۔ پنجاب میں ڈاکٹرز کی بھرتی کی جارہی ہے۔ وزیرآباد میں فیملی ہیلتھ کلینک اور گکھڑ میں ٹراما سنٹر بنائیں گے۔ پنجاب میں جب سے ہماری حکومت آئی ہے ایک ایک لمحہ عوام کی خدمت میں گزر رہا ہے۔ ہر شعبے میں بہتری لا رہے ہیں۔ گو پنجاب ایپ کے ذریعے عوام گھر بیٹھے 30سے زیادہ خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ گوجرانوالہ میں صحافیوں کیلئے ہاؤسنگ کالونی بنائی جائے گی اور وزیرآباد کے صحافیوں کو بھی اس کالونی میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور پیڈیاٹرک کارڈیالوجی کے نئے بلاک کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں کشمیریوں کے یوم حق خودارادیت پر پیغام میں کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے ایک قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کا مقصد عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق خودارادیت دلانے کے وعدے کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔ 74 برس سے کشمیری اس وعدے کے وفا ہونے کے انتظار میں ہیں۔ اقوام متحدہ کو اپنے اس عزم کا احترام کرنا چاہیے جو 74 سال پہلے کیا گیا تھا۔ پرویزالٰہی نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج ٹیچنگ ہسپتال شعبہ سی ٹی سکین، آپریشن تھیٹر، آئی سی یو، اور سیٹیریل سپلائی کا بھی افتتاح کیا۔ پرویز الٰہی نے کنٹریکٹ ڈاکٹروں کو ریگولر کرنے کا اعلان بھی کیا اور ڈاکٹروں کے مطالبے پر رہائش گاہ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لارہے ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ترکش کمپنی اوز پاک سے مالی امور طے کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے ترکش کمپنی اوز پاک کو 2 ارب 90 کروڑ روپے کے واجبات کا چیک دیا گیا۔
پرویز الٰہی