کراچی(اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن سندھ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیے نئی درخواست بھیج دی گئی۔ کمشنر حیدر آباد کی جانب سے الیکشن کمیشن سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ضلع دادو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ میہڑ اور خیرپور ناتھن شاہ میں اب تک سیلابی پانی موجود ہے اور کوشش کے باوجود پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ شگاف بھرنے کا کام بھی جاری ہے۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان علاقوں میں عوام کی رسائی اور نقل و حرکت دشوار ہے۔ میہڑ اور خیر پور ناتھن شاہ میں 12 ہزار خاندان اب تک بے گھر ہیں۔ ان حالات میں پرامن پولنگ اور ٹرن آؤٹ بہتر نہیں ہو سکے گا۔ موجودہ صورتحال میں ان دو تعلقہ میں 1سے 2ماہ کے لیے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی جاتی ہے۔ دوسری جانب کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں15جنوری کو مقرر بلدیاتی الیکشن کے معاملے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن مانیٹرنگ ٹیم نے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ضلع کیماڑی میں ترقیاتی کاموں کی شکایت پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) محمد حنیف نے تنبیہ جاری کردی، جس میں بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے دوران ترقیاتی منصوبے کا اعلان یا فنڈز کے اجراء پر پابندی ہے۔ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کیماڑی نے بلدیاتی امیدواروں کو خط کے ذریعے بتایا کہ انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر کارنر میٹنگ پر پابندی ہے۔
بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے کمشنر حیدرآباد کی الیکشن کمشن کو نئی درخوست
Jan 06, 2023