فنڈز کی عدم فراہمی منصوبے نامکمل،منڈیوں کی منتقلی نہ ہوسکی،ٹریفک مسائل بڑھ گئے

Jan 06, 2023


ملتان( نمائندہ خصوصی ) پنجاب حکومت کے غیر سنجیدہ رویے اور فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث جہاں ترقیاتی منصوبے مکمل ہونا انتہائی مشکل نظر آرہے ہیں وہاں شہری حدود میں قائم منڈیوں کی منتقلی کا معاملہ بھی ضلعی  انتظامیہ کی لاکھ کوشش کے باوجود تاحال حل طلب ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں یہ منڈیاں جس میں ٹمبر مارکیٹ، غلہ منڈی اور لوہا مارکیٹ شاملِ ہے اس وقت شہر کی گنجان ترین آبادیوں کی مصروف ترین سڑکوں پر واقع ہیں جہاں پابندی کے باوجود دن کے اوقات میں بھی لوڈنگ ٹرکوں کی آمدورفت کو روکنا نا ممکن ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ ہیوی گڈز ٹرانسپورٹ مذکورہ آبادیوں کے لیے ناصرف ٹریفک کے مسائل بلکہ حادثات کا بھی سبب بن چکی ہے یہاں افسوسناک امر یہ ہے کہ ان  منڈیوں کی منتقلی میں اس وقت بڑی رکاوٹ فنڈز کی عدم دستیابی کے ساتھ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے اپنے مفادات بھی شامل ہیں جنکی پوری کوشش ہے کہ منڈیوں کی منتقلی انکی منشاء کے مطابق انکے رقبوں پر کی جائے اور اس کے حوالے سے تاحال کھینچا تانی کا سلسلہ جاری ہے  جبکہ اس حوالے سے ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سلف انکم میں سے 50 کروڑ کے فنڈز بھی مختص کے جا چکے  تھے  جو رقبہ کی نشاندہی نہ ہونے پر بعد ازاں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے حکم پر انکے علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کر دیے گئے دوسری طرف  شہری آبادیوں میں قائم غیر قانونی گڈز اڈے بھی  بوہڑ گیٹ ، جیل روڈ، ممتازآباد، پرانی سبزی منڈی روڈ، سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں کے لیے ذہنی ازیت کا باعث بن چکے ہیں جن کے خلاف سیاسی اثرورسوخ کے باعث کوئی گرینڈ آپریشن نہیں کیا جا سکا۔ جس پر شہری حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا  کہ  وہ ان مسائل کے فوری حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔

مزیدخبریں