جکارتہ (آئی این پی ) انڈونیشیا میں 2 ٹرینوں کے درمیان پیش آنے والے حادثے میں تین افراد ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں پیش آیا جہاں 2 مسافر ٹرینوں کے درمیان تصادم ہوا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ مشرقی صوبے جاوا کے دارالحکومت سورابایا سے بانڈونگ جانے والی ایک ٹرین نے دوسری ٹرین کو سٹیشن پر ٹکر ماردی جس سے بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالوں میں ٹرین کا ڈرائیور، اسسٹنٹ اور سٹیوارڈ شامل ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں سمیت ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں اور نعشوں سمیت زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت ٹرین میں 478 مسافر سوار تھے، حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔