ٹوکیو (اے پی پی)جاپان میں 7.6 شدت کے زلزلے سے اموات 92 اور لاپتہ افراد کی تعداد 242 ہوگئی ہے۔ جاپانی نیوز ایجنسی کیوڈو نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے دوران لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ زلزلے کے بعد سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ساحلی شہر وجیما میں اب بھی کم از کم 40 افراد منہدم ہونے والے مکانات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز کے تقریبا 4,600 ارکان زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔کیوڈو نے جاپان کی جیو سپیشل انفارمیشن اتھارٹی کے تازہ ترین تخمینوں کے حوالے سے بتایا کہ زلزلے کے دوران وجیما شہر کے مرکز میں زبردست آگ لگنے سے تقریباً 48,000 مربع میٹر کا علاقہ تباہ ہو گیا ہے۔