لاہور (نامہ نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ریگولر و انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید میں شہریوں کو مزید سہولت دے دی۔ شہری اب گھر بیٹھے آن لائن پیمنٹ اور دستاویزات جمع کروا کر ریگولر اور انٹرنیشنل لائسنس کی تجدید کروا سکیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید آن لائن پیمنٹ سے پولیس خدمت مراکز، ٹریفک سنٹرز، تھانوں کے فرنٹ ڈیسک اور پبلک پورٹل پر بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔ لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید تھانوں کے فرنٹ ڈیسک سے بھی جاری ہے۔ ترجمان نے مزیدکہا پولیس خدمت مراکز اور ٹریفک سنٹرز میں بھی نیو لرنر اور لرنر کی تجدید آن لائن پیمنٹ پر منتقل کر دی گئی ہے جبکہ پبلک پورٹل اور تھانوں میں پہلے ہی آن لائن پیمنٹ پر لرنر لائسنس تجدید کا عمل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈرائیونگ لائسنس پر لگنے والی قدیمی ٹکٹس بھی ختم کردی ہیں اور اب شہری اپنے لائسنس کی فیس بذریعہ ای پیمنٹ کے ذریعے کر سکیں گے۔ شہری پبلک پورٹل کی سہولت پنجاب پولیس، ڈی ایل آئی ایم ایس کی ویب سائٹ اور پنجاب پولیس کی ایپ سے سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔
نئی سروس شروع :آن لائن ریگولر، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید
Jan 06, 2024