کراچی+اسلام آباد(کامرس رپورٹر+خبر نگار) کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی دینے کا معاہدہ ہو گیا۔ وفاقی حکومت اور کے الیکٹرک کے درمیان دس سال کیلئے معاہدہ ہوا ہے۔ ٹیرف، سبسڈی، واجبات کے لین دین کے تنازعات بھی طے ہو گئے ہیں۔ پاور ڈویژن اعلامیہ کے مطابق پاور ڈویژن اور کے الیکٹرک کے درمیان معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ نگران وزیر توانائی اور نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ کراچی کو نیشنل گرڈ سے انٹرکنکشن کی صلاحیت تک بجلی کی فراہمی میں سہولت ہو گی۔ نیشنل گرڈ سے توانائی کی مستحکم فراہمی کراچی کو سستی بجلی تک رسائی میں سہولت فراہم کرے گی۔ کے الیکٹرک اور دیگر حکومتی اداروں میں مختلف واجبات کی ادائیگیوں میں آسانی پیدا ہو گی۔ نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ آج کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایک انتہائی اہم معاملہ اپنے منطقی انجام پر پہنچا ہے۔ کے الیکٹرک کو حکومت نے ہمیشہ ایک پارٹنر کے طور پر پیش کیا ہے۔