لاہور (نامہ نگار) چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ ڈاکوؤں نے گلشن اقبال میں فواد اور اس کی فیملی کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 5 لاکھ روپے زیورات، موبائل فون، نصیر آباد میں محمد یاسر سے 4 لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت میں منصور سے 3 لاکھ 5ہزار روپے اور موبائل فون، ہنجروال میں صلاح الدین سے گن پوائنٹ پر70ہزار روپے اور موبائل فون، چوہنگ میں طاہر سے 55ہزار روپے، اور موبائل فون، باٹا پور میں احمد سے40 ہزار روپے اور موبائل فون، جنوبی چھاؤنی میں اشتیاق سے 35ہزار روپے اور موبائل فون، قلعہ گجر سنگھ میں ساحل سے 15ہزار روپے اور موبائل فون، شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں ندرت سے 14ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔ چوروں نے نواب ٹاؤن میں تنویر کی دکان کے تالے توڑ کر اڑھائی لاکھ روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا۔ چوروں فیصل ٹاؤن اور ڈیفنس سے دو گاڑیاں جبکہ سبزہ زار، داتا دربار، نولکھا، راوی روڈ، مانگا منڈی، گجرپورہ، ساندہ اور مصری شاہ سے آٹھ موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔
لاہور:متعدد وارداتیں، 5 لاکھ کا ڈاکہ، 2 کاریں، 8 موٹرسائیکل چوری
Jan 06, 2024