اقتدار جمہور کے بجائے خاندانوں اور افراد کے گرد گھومتا ہے: سراج الحق  

Jan 06, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ  جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اتر گئی تو اسے کون ٹریک پر چڑھائے گا؟۔ بلوچستان، کے پی کے میں بدامنی کی وجہ سے الیکشن ملتوی کرنا بدامنی پھیلانے والوں کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہو گا۔ ملک میں امن و استحکام شفاف اور بروقت الیکشن سے ہی آئے گا۔ جماعت اسلامی 8 فروری کو پورے ملک میں صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر امیدواروں کو ٹکٹس جاری کیے ہیں۔ قوم ترازو کے نشان پر ووٹ دے کر ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیرپائن میں اپنے حلقہ انتخاب این اے 6میں کارنر میٹنگز اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ دہشت گردی، بدامنی اور معیشت کی تباہی کا علاج انتخابات ہیں۔ ملک میں اقتدار جمہور کی بجائے خاندانوں اور افراد کے گرد گھومتا ہے۔ 21ویں صدی میں دنیا بھر میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں بادشاہتوں کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ 76برس سے ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے عوام کو تکلیفوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ سابقہ حکمران پارٹیاں عوام کی بجائے ذاتی مفادات کے لیے کام کرتی رہیں۔ ملک پر قرضوں کا ہمالیہ لاد دیا گیا، اداروں کو کمزور، معیشت کو تباہ کیا گیا۔

مزیدخبریں