لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے جلد کیلئے نقصان دہ بیوٹی کریموں اور کاسمیٹکس کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔ بیوٹی انجیکشن لگانے یا کسی قسم کی سرجری کرنیوالے نان کوالیفائیڈ افراد کیخلاف آپریشن کیا جائے گا۔اس مقصد کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ڈرگ کنٹرول کا عملہ بیوٹی کریموں اور کاسمیٹکس کے رجسٹرڈ ہونے یا نہ ہونے کا تعین کرے گا جبکہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ماہرین کلینیکل پریکٹسز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ رنگ گورا کرنے والی غیر معیاری کریمیں بیوٹی کے نام پر بیماریاں لگا رہی ہیں۔ غیر معیاری بیوٹی کریموں کے استعمال سے سینکڑوں افراد کی جلد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بعض کاسمیٹکس میں سیسہ، زہر اور دیگر مضر صحت کیمیکلز کی مقدار خطرناک حد تک پائی گئی ہے جو جگر اور گردے کے کینسر جیسے مہلک امراض کا باعث بن رہی ہے۔مارکیٹ سے 24 مشہور برانڈز کی بیوٹی کریمیں لے کر ان کا ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں تجزیہ کروایا جا رہا ہے،مضر صحت کیمیکلز پائے جانے کی صورت میں ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے بیوٹی پارلرز کی بھی سکریننگ کی جائے گی۔ پریس کانفرنس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی جی ڈرگز محمد سہیل اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔