واشنگٹن (آئی این پی+ انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے کھلی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست سے بھارت کا نام غائب کردیا جبکہ پاکستان کا نام فہرست میں شامل کیا ہے۔ بھارتی ریاست منی پور اور آسام سمیت مختلف ریاستوں میں مسلمانوں، عیسائیوں سمیت اقلیتی برادری کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، ان کے گھروں اور املاک پر حملے کیے جارہے ہیں، یہان تک کہ بھارتی حکومت نے مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی امتیازی پالیسیاں اور قوانین بھی بنائے ہیں۔ لیکن امریکی محکمہ خارجہ کی سالانہ مذہبی آزادی رپورٹ میں بھارت کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ لسٹ میں روس، چین، ایران، سعودی عرب، الجزائر، آذربائیجان، کوموروس اور ویتنام شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں امریکی حکومت کے پینل نے مذہبی آزادی کے حوالے سے بھارت کو بلیک لسٹ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکمرانی میں اقلیتوں کے ساتھ بدسلوکی میں صورتحال مزید بدتر ہوگئی ہے۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ہر سال ان ممالک کی فہرست جاری کرتا ہے جس میں مذہبی آزادی پر بہتری نہ ہونے پر پابندیوں کے امکان کے ساتھ مخصوص تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل اپریل میں امریکی کمشن نے اقلیتوں سے بدترین سلوک اور مذہبی آزادی کی خلاف ورزی پر مسلسل دوسرے سال بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔