غزہ (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج کے حملوں میں 24 گھنٹے میں مزید 62 فلسطینی شہید ہو گئے۔ ریڈ کراس کے ہیڈ کوارٹر اور العمل ہسپتال کو بھی نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شخص کے شہید اور درجن سے زائد مریضوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ادھر اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ایک مقامی مرکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 9 کارکن شہید ہوگئے۔ جبالیہ میں اقوام متحدہ کے شیلٹر پر بمباری کی۔ رفاہ میں نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی سنائپرز نے فائرنگ کی۔ بچوں اور خواتین سمیت سڑکوں پر شہداء کی نعشوں کے ڈھیر لگ گئے۔ القسام بریگیڈ نے الیاسین علاقہ میں اسرائیلی ٹینکوں پر راکٹ برسائے۔ ہلاک اور زخمی اسرائیلی فوجیوں کے اسلحہ اور سامان کی ویڈیوز بھی جاری کر دیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک 22763 فلسطینی شہید جبکہ 57 ہزار 614 سے زائد زخمی ہو گئے۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق ذمہ داری ادا کرتے صحافیوں میں اسی فلسطینی، تین لبنانی اور چار اسرائیلی مارے گئے۔ غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ حملوں کو 90 دن ہو گئے۔ حماس میڈیا آفس نے اسرائیلی حملوں سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دیئے۔ قابض اسرائیلی فوج نے 90 دنوں کے دوران 1876 حملے کئے۔ شہید اور لاپتا فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 438 ہے۔ 22 ہزار 438 شہداء کی لاشیں ہسپتالوں میں لائی گئیں۔ اسرائیلی حملوں میں 9 ہزار 730 بچے، 6 ہزار 830 خواتین شہید۔ 326 ڈاکٹرز، طبی عملے کے 326 سول ڈیفنس کے 42 ارکان اور 106 صحافی شہید ہوئے۔ سات ہزار فلسطینی لاپتا ہیں جن میں 70 فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں 57 ہزار 614 افراد زخمی ہوئے۔ 6 ہزار شدید زخمیوں کو علاج کیلئے فوری سفر کی ضرورت ہے۔ صرف 645 زخمی علاج کیلئے غزہ سے باہر لے جائے گئے۔ کینسر کے 10 ہزار مریضوں کو موت کے خطرے کا سامنا ہے۔ صحت کے 99 اہلکار اور 10 صحافی حراست میں لئے گئے۔ غزہ میں 19 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔ تین لاکھ 55 ہزار افراد نقل مکانی کے نتیجے میں متعدی بیماریوں سے متاثر ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے 130 سرکاری عمارتیں، 93 یونیورسٹیاں اور سکول تباہ کئے۔ 292 سکول، یونیورسٹیاں جزوی طور پر تباہ ہو گئیں۔ 122 مساجد کو مکمل تباہ اور 218 کو جزوی نقصان پہنچا۔ تین گرجا گھر تباہ کئے گئے۔ 65 ہزار ہاؤسنگ یونٹ مکمل، دو لاکھ 90 ہزار گھر جزوی تباہ ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے 90 دن میں 65 ہزار ٹین بارود غزہ پر برسایا۔
مزید 62فلسطینی شہید، رفاہ میں نقل مکانی کرنیوالے نشانہ، 9حزب اللہ کارکن ماڈالے: اسرائیلی فوج
Jan 06, 2024