ڈھاکا(این این آئی)بنگلہ دیش میں عام انتخابات میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق بنگلہ دیش میں قومی انتخابات سے قبل تشدد کے خدشے کے پیش نظر ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی ہے ۔فوجیوں نے بکتر بند گاڑیوں میں دارالحکومت ڈھاکا میں قائم عارضی کیمپوں کا سفر کیا تاکہ سول انتظامیہ کو امن و سلامتی برقرار رکھنے میں مدد مل سکے۔بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)نے اتوار کو ہونے والے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے کیونکہ وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ان کے استعفے کے مطالبے کو ماننے سے انکار کر دیا ہے اور انتخابات کو چلانے کیلئے کسی غیر جانبدار اتھارٹی کو اقتدار سونپ دیا ہے۔حسینہ واجد بار بار بی این پی پر حکومت مخالف مظاہروں کو بھڑکانے کا الزام عائد کرتی رہی ہیں جو اکتوبر کے اواخر سے ڈھاکا میں جاری ہیں اور جس میں کم از کم 10افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فوجی صرف پولنگ افسران کی درخواست پر کارروائی کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ بحریہ کو دو ساحلی اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے اور فضائیہ دور دراز پہاڑی علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں تک ہیلی کاپٹر کی مدد فراہم کرے گی۔
بنگلہ دیش میں کل عام انتخابات پر شدید ہنگاموں کا خدشہ، فوج تعینات
Jan 06, 2024