اچھرہ میں آتشزدگی، 4بہن بھائی زندہ جل گئے

لاہور (نامہ نگار) شہر میں 3مختلف مقامات پر آتشزدگی کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 5افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 3افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اچھرہ کے علاقے بابا اعظم چوک میں عباس کے گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ پانچویں منزل پر آتشزدگی کے نتیجے 4 سگے بہن بھائی بارہ سالہ ایمان فاطمہ، آٹھ سالہ نور فاطمہ، پانچ سالہ ابراہیم اور دو سالہ اسماعیل جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا اور چاروں کمسن بچوں کی لاشیں باہر نکالیں۔ چار بچوں کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا، ماں کو غشی کے دورے پڑنے لگے۔ جبکہ علاقے میں سوگواری کی فضا چھا گئی ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ گرین ٹاؤن کے علاقے میں ایک گھر میں زور دار دھماکے سے سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ جس کی زد میں آکر دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں دس سالہ حسین، بارہ سالہ بنیامین اور چالیس سالہ جہانزیب خان شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی ٹاؤن فیز ٹو، ڈی بلاک کے گھر میں آگ لگ گئی۔ آگ کی زد میں آکر بزرگ شہری جھلسنے سے جاں بحق ہوگیا ہے۔ متوفی کی شناخت66 سالہ مشتاق کے نام سے ہوئی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اچھرہ میں آتشزدگی سے مرنے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے چار بچوں کے رشتے داروں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ پولیس اس واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن