پاکستان میں بیرون ملک سے آنیوالوں کی کووڈ ٹیسٹنگ شروع

Jan 06, 2024

اسلام آباد (آئی این پی ) قومی ادارہ برائے صحت نے بارڈر ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ کو کووڈ ٹیسٹنگ کٹس فراہم کردیں۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز ڈپارٹمنٹ کو 40 ہزار ریپڈ ڈائگنوسٹک کٹس دی ہیں۔ حکام کے مطابق اسلام آباد سمیت زیادہ ترائیرپورٹس پرباہر سے آنے والوں کی کووڈ ٹیسٹنگ شروع ہوگئی ہے، بیرون ملک سے آنے  والے 2 فیصد مسافروں کی لازمی کووڈ ٹیسٹنگ ہوگی۔ حکام نے بتایا کہ چند ظاہر ہونے والے کووڈ کیسز کی جینوم سیکونسنگ بھی ہورہی ہے، ہمارے ہاں کووڈ 19 کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے جب کہ جے این 1 کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ دوسری جانب بارڈرہیلتھ سروسز حکام کے مطابق ملتان اور فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر تاحال ٹیسٹنگ کٹس نہیں پہنچیں۔نگران وزیر صحت ندیم جان نے کہا کہ ملک میں نئے کورونا کا کوئی کیس نہیں آیا، ہم ریڈ الرٹ پر ہیں، کوشش کر رہے ہیں ٹیسٹنگ کا لیب سسٹم اضلاع میں بھی لائیں۔ جمعہ کو چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس دو روز کے وقفہ کے بعد وبارہ پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا ، اجلاس کے دوران نگران وزیر صحت ندیم جان نے کہا کہ ملک میں نئے کرونا کا کوئی کیس نہیں آیا، ہم ریڈ الرٹ پر ہیں، کوشش کر رہے ہیں ٹیسٹنگ کا لیب سسٹم اضلاع میں بھی لائیں، ہم نے تین مرتبہ ایڈوائزی جاری کی ہیں۔

مزیدخبریں