الیکشن کمشن نے 11ہزار پولیس اہلکار بھرتی کرنے کی اجازت دیدی: محسن نقوی

Jan 06, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ہولی فیملی ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا مجموعی طور پر 68 فیصد کام مکمل ہو گیا۔ محسن نقوی نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کو  اپ گریڈیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ تھانہ صدر بیرونی اور تھانہ کینٹ کا افتتاح کیا۔  صوبے کے مزید 36 تھانوں کا ورچوئل افتتاح بھی کیا۔ ہولی فیملی ہسپتال میں ہاسپٹل انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے، ٹیلی فون ایکسچینج کو فعال کرنے، میو ہسپتال لاہور کی طرز پر پولیس چوکی اور خدمت مرکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ تعمیراتی کام تیز کرنے کے لئے تیسری شفٹ بھی شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بھر میں تھانوں کی مرمت اور تزئین و آرائش جاری ہے۔ اپ گریڈیشن تھانہ کلچر کی تبدیلی کی طرف اہم قدم ہے، چاہتے ہیں کہ شہریوں کو تھانوں میں تحفظ کا احساس ہو۔ ہولی فیملی ہسپتال 31جنوری تک مکمل کر لیں گے۔ راولپنڈی رنگ روڈ اور دودوچھہ ڈیم  پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ کچہری چوک پر کام جلد از جلد شروع کرائیں گے، دن رات پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ میٹروبس سروس ٹریک کی صورتحال سے آگاہ ہیں، لاہور میٹروبس ٹریک کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔  الیکشن کمیشن نے 11ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی کے لئے اجازت دی ہے، بھرتی کا عمل جاری ہے۔ آئندہ چند ماہ میں 11ہزار اہلکار بھرتی ہوجائیں گے۔ پولیس فورس کو فیول کا مسئلہ درپیش نہیں ہے، فیول کے لئے فنڈز موجود ہیں۔  پنجاب بھر میں کرائم ریٹ 30فیصدکم ہوا ہے۔  صحافی برادری کو آئندہ چند دنوں میں اچھی خبر دیں گے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ ممبران کا اجلاس  ہوا۔ پی آئی سی بورڈ ممبرز نے رفتار اور معیار کے ساتھ ایمرجنسی کی 6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں اپ گریڈیشن پر وزیر اعلی محسن نقوی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے پی آئی سی میں بائی پاس آپریشن میں غیر معمولی تاخیر اور سرجنز کی کمی دور کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا اور ہدایت کی کہ اس ضمن میں قابل عمل سفارشات پیش کی جائیں۔ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ساتھ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ  کے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت 4گھنٹے طویل اجلاس میں  فلاح عامہ کے 40 ترجیحی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے تمام عوامی پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی کام ناممکن نہیں، آپ ہمت کریں اور مزید محنت کے ساتھ کام کریں۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری منصوبے آخری مراحل میں ہیں۔  کسی منصوبے میں کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ محسن نقوی نے یوم حق خودارادیت کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم حق خودارادیت کشمیر پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بھارت نے ظلم و جبر سے کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے۔  علاوہ ازیں  محسن نقوی کا خراب موسم کے باعث آج ملتان کا دورہ ملتوی ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے محسن نقوی راولپنڈی سے لاہور واپسی پر سفاری زو پہنچ گئے۔ سفاری زو کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ نائٹ سفاری شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ سفاری زو پارک میں خصوصی ہٹ بنائے جائیں گے جہاں پر لوگ قیام بھی کر سکیں گے۔ 200 نئے جانور بچوں کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔ جانوروں کے لئے عالمی معیار کے پنجرے بنائے جائیں گے۔ لاہور چڑیا گھرکے ساتھ سفاری پارک کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔ سفاری زو میں نائٹ سفاری شروع کرا رہے ہیں۔ نائٹ سفاری میں لوگوں کو بین الاقوامی معیار اور پروٹوکولز کے مطابق تفریح فراہم کی جائے گی۔  31جنوری تک سفاری زو اور لاہور زوپراجیکٹس مکمل ہوجائیں گے۔ تجاوزات سمیت مختلف کریک ڈاؤن ہورہے ہیں لیکن لوگ ایک دو دن بعد پھر ویسے ہی شروع ہوجاتے ہیں۔ کریک ڈاؤن میں لوگ پکڑتے جاتے ہیں، جب چھوڑ دئیے جاتے تو وہی کام شروع کردیتے ہیں۔ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سفارشات پر چھٹیاں بڑھا دی جائیں گی، فی الحال 9جنوری تک ہیں۔ 

مزیدخبریں