پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ قاف کا اتحاد غیر منطقی ہے جس سے کوئی نظریاتی کارکن متفق نہیں ہوسکتا۔ شاہ محمود قریشی

رائیونڈ میں مسلم لیگ نون کے قائد میاں نوازشریف سےملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ان کی اپنی جماعت سے کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف نے میثاق جمہوریت کے ذریعے جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کیا جبکہ قاف لیگ نے آمریت کو تقویت دی اس لیے پیپلز پارٹی اور قاف لیگ کا اتحاد منطقی نہیں۔ سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ تین سال تک حکومت کی اتحادی رہنے والی جماعت ایم کیوایم کا علیحدہ ہونا بھی غورطلب ہے۔ ملک کو اس وقت گورننس،معیشت سمیت متعدد سنجیدہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ عوام میں بے چینی اور اضطراب پایا جاتاہے کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ حکومت بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام ہے۔ دیکھنا ہے کہ ملک کی سیاسی قیادت کیسے ان چیلنجز پر قابو پاتی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ حالات میں جماعت اور ذات سے بالا تر ہوکرملکی مفاد کے لیے سوچنا ہوگا۔ ماضی کی غلطیوں سے باہر نکل کر اکیسویں صدی کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونی کی ضرورت ہے۔ اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ نون کے قائد سے اہم ملاقات کی جس میں گرینڈ اپوزیشن الائنس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر۔مسلم لیگ نون کے قائد محمد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو کچھ نہیں دے پارہی جس کی وجہ سے گرینڈ اپوزیشن الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن