”جنوری تا جون 2012ئ“ پنجاب کی سیشن عدالتوں میں 92 ہزار مقدمات بڑھ گئے

لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) رواں سال کی پہلی ششماہی کے خاتمے تک پنجاب کے 36 اضلاع کی سیشن عدالتوں میں 92,001 مقدمات کا اضافہ ہونے سے زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد 7,84,461 ہو گئی ہے جن میں فوجداری مقدمات کی تعداد سوا چار لاکھ اور دیوانی مقدمات کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے زائد ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کو بھیجی گئی ششماہی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیر التوا مقدمات کی تعداد کے لحاظ سے 1,12,540 کے ساتھ ضلع لاہور پہلے، 65432 کے ساتھ ضلع فیصل آباد دوسرے اور 58,674 مقدمات کے ساتھ ضلع راولپنڈی تیسرے نمبر پر ہے۔ 20 ہزار سے زائد زیر التوا مقدمات والے اضلاع میں بہاولپور، گوجرانوالہ، قصور، ملتان، مظفرگڑھ، وہاڑی، رحیم یار خان، سیالکوٹ اور سرگودھا شامل ہیں۔ سب سے کم 3626 زیر التوا مقدمات ضلع راجن پور میں ہیں۔ پانچ ہزار سے کم زیر التوا مقدمات والے دیگر اضلاع میں بھکر، حافظ آباد، خوشاب اور میانوالی شامل ہیں۔ زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ججوں کی کم تعداد ہے۔ اسی لئے ہائیکورٹ نے ماتحت عدلیہ میں ایک ہزار سے زائد ججوں کی بھرتی کے لئے حکومت کو مراسلہ بھیج رکھا ہے۔ عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض اقدامات کے باعث 2012ءکی دوسری ششماہی میں بہتر نتائج کی توقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن