چمن (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز) پاکستان افغانستان بارڈر پر دوستی باب کے قریب خودکش دھماکے میں افغا ن بارڈر سکیورٹی کے کمانڈر اختر محمد اور 6 اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد پاک افغان سرحد کو بند کر دیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق دھماکہ جمعہ کی علی الصبح پاکستان افغانستان بارڈر پر واقع دوستی باب کے قریب افغانستان کی حدود میں افغان سرحدی سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہوا، دھماکے میں 4 بچے بھی مارے گئے۔ زخمیوں میں 5 پاکستانی بھی شامل ہیں، دھماکے کے بعد انسانی اعضاءدور دور تک بکھر گئے اور ڈیوٹی پر موجود ایف سی اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ افغان زخمی فوجیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے قندھار بیس منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ خود کش تھا۔ دھماکے کے بعد باب دوستی پر آمدو رفت معطل ہوگئی اور باب دوستی کو بند کر دیا گیا جبکہ سرحد کے دونوں جانب سکیورٹی فورسز مورچہ بند ہو گئیں اور سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ ادھر پاکستان کے سرحدی سکیورٹی فورسز نے بی بی سی کو بتایا کہ مرنے والوں میں افغان پولیس کے اہلکار شامل ہیں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے چمن کے ہسپتال اور افغانستان کے سرحدی ضلع سپن بو لدک کے ہسپتال پہنچایا گیا ہے جہاں متعدد کی حالت تشویشناک ہے جسسے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ادھر ایک مقامی صحافی نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکہ افغانستان کی سرحد کے اندر چمن بارڈر سے تقریباً کچھ ہی فاصلے پر ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت سرحد کے دونوں جانب رش تھا۔ سکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ہدف افغان پولیس کا اہلکار تھے۔ دھماکے میں افغان پولیس کا کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور افغانستان سے چمن بارڈر کی جانب آ رہا تھا جب وہ سرحد کے قریب پہنچا تو اچانک دھماکہ ہو گیا۔ افغان سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں نوازشریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماﺅں کی حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہارکیا۔
چمن : چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ‘ افغان کمانڈر ‘6 اہلکاروں سمیت 11 ہلاک ‘ بارڈر سیل
Jul 06, 2013