فوج نے سگنل دیا ہے‘ منتخب حکومت پالیسی دیگی وہ عمل کریگی : سرتاج عزیز

فوج نے سگنل دیا ہے‘ منتخب حکومت پالیسی دیگی وہ عمل کریگی : سرتاج عزیز

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر + آئی این پی) مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کی بات قبل از وقت ہے، فوج اور نوازشریف کے تعلقات مثبت اور دوطرفہ ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایسے کوئی خدشات نہیں کہ فوج حکومت پالیسی پر عمل نہ کرے، فوج نے واضح سگنل دیا ہے کہ منتخب حکومت پالیسی دے گی، وہ عمل کرے گی۔ بھارت سے ٹریک ٹو ڈپلومیسی کے لئے سابق سیکرٹری خارجہ شہریار خان کو نامزد کیا ہے۔ ٹریک ٹو ڈپلومیسی میں مختلف گروپوں میں اعتماد کی بحالی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کشمیر، سرکریک اور سیاچن کے معاملے پر پیشرفت ہونے پر ٹریک ون میں شامل کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر پاکستان کا م¶قف واضح ہے، امریکہ کو ڈرون حملے بند کرنے کا پیغام دیا ہے، بھارت کیساتھ تمام معاملات پرامن طریقے سے حل کریں گے، نئے صدر کی نامزدگی پارٹی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی وجہ سے ڈرون حملے کم ہوئے ہیں اور کچھ ہی مدت میں ان حملوں کو ختم کروا دیں گے۔ بھارت کیساتھ تمام معاملات پرامن طریقے سے حل کریں گے۔ نوازشریف منموہن ملاقات ستمبر میں متوقع ہے۔ دریں اثناء سعودی سفیر عبدالعزیز ابراہیم الغدیر نے مشیر برائے امور سرتاج عزیز سے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ سرتاج عزیز نے پاکستانی شہریوں کے ویزوں کی مدت میں توسیع پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ جرمنی کے خصوصی ایلچی مائیکل کوخ نے بھی مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی تازہ ترین صورتحال سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرتاج عزیز

ای پیپر دی نیشن