فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈاکٹروں سے مسلسل وارداتوں کے خلاف پی ایم اے کی ہڑتال، آؤٹ ڈور بند کر دیا۔ عہدیداران کی پریس کانفرنس دو دن میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق تین روز قبل ڈاکوؤں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عرفان گزشتہ روز سرجری یونٹ کے پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم کو لوٹ لیا جس پر پی ایم اے کی کال پر ڈاکٹروں نے آؤٹ ڈور کو بند کر دیا اور ہنگامی پریس کانفرنس کی جس میں ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر راجہ عارف، ڈاکٹر خرم، ڈاکٹر افضال احمد چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے الائیڈ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں آنے والے ہزاروں مریض ذلیل و خوار ہو گئے آئے روز ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث میڈیکل اور سرجیکل ایمرجنسی میں مریضوں کا رش لگ جاتا ہے۔ گزشتہ روز ڈاکٹر کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پر پی ایم سی کی کال پر ڈاکٹروںنے آؤٹ ڈور بند کر دیا جس کی وجہ سے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے ہزاروں مریضوں کو بغیر علاج معالجہ کے بغیر گھروں کو جانا پڑا۔ مریضوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سے ڈکیتی ہونے کی سزا ہزاروں مریضوں کو دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے وزیر ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز منیر سے مطالبہ کیا کہ آئے روز ہونے والی ڈاکٹروں کی ہڑتال کا نوٹس لیا جائے۔
ڈاکٹرز/ ہڑتال