حافظ آباد: قادرآباد نہر سے ایک اور نوجوان کی نعش برآمد، ایک ہفتے کے دوران نہروں سے ملنے والی نعشوں کی تعداد 7 ہو گئی

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) قادر آباد بلوکی نہر سے 15سالہ نوجوان کی ایک اور نعش برآمد،گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران حافظ آباد کی مختلف نہروں سے 7 افراد کی نعشیں برآمد ہوئیں تاحال کسی بھی نعش کی شناخت نہیں ہو سکی، ایک خاتون اور دو بچوں کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینکا گیا تھا۔ ایک ہفتہ کے دوران قادر آباد بلوکی، رکھ برانچ، جھنگ برانچ اور لوئر چناب نہر سے دو خواتین ، دو بچوں، ایک لڑکی اور لڑکے کی لاشیں ملی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے  لوئر چناب نہر سے ملنے والی خاتوں اور دو بچوں کی نعشوں سے ظاہر ہوتا ہے  وہ ماں بیٹوں کی نعشیں ہیں اور ان تینوں کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کرنے کے بعد نہر میں پھینکا گیا تھا، بچوں کی عمریں 6سے 8سال کے درمیان تھیںجبکہ ہیڈ ساگر کے قریب جھنگ برانچ نہر سے 12سالہ لڑکی،سکھیکی کے قریب رکھ برانچ نہر سے 70سالہ خاتون اور قادر آباد بلوکی نہر سے 15سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جبکہ کینال کالونی کے قریب 13سالہ لڑکی کی بھی لاش بر آمد ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن