کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کی تمام سیاسی اور جمہوری قوتوں کے وسیع تر اتحاد بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ جمہوری عمل کو مستحکم کیا جا سکے۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا جمہوری عمل کو مستحکم نہ کیا تو وفاق کو خطرات لاحق ہوں گے۔ اس لئے اس بات کی اشد ضرورت ہے تمام سیاسی و جمہوری قوتیں وسیع تر اتحاد بنائیں۔ انہوں نے کہا ہمیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے بعض معاملات پر شدید اختلافات ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں جمہوری عمل کو مستحکم کیا جائے اور آمریت کا راستہ روکا جائے۔ آج کا وفاق پرانے وفاق سے بہت مختلف ہے۔ صوبوں کو خود مختاری مل چکی ہے۔ اسے رول بیک کیا تو وفاق کو خطرات لاحق ہوں گے۔ انہوں نے کہا امریکی خفیہ ادارے این ایس اے کی طرف سے پیپلز پارٹی کی جاسوسی کرنے کی خبروں سے یہ واضح ہو گیا ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت کو ہٹانے اور انہیں مارنے میں عالمی سامراج اور پاکستان کی رجعت پسند قوتیں شامل تھیں۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراغ درانی نے کہا کوئی جمہوری اقدام ہوا تو بلاول اور آصف زرداری سمیت ہم سب اس کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہوں گے۔