طاہر القادری جمہوریت ختم کرنے کیلئے انقلاب لائیں گے تو پیپلز پارٹی ان کے سامنے کھڑی ہو گی: خورشید شاہ

Jul 06, 2014

لاہور +سکھر  ( خبرنگار +ثناء نیوز+ آئی این پی+ اے این این) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے انقلاب لانے والے جمہوریت کو ختم کرنے کیلئے انقلاب لانا چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی جمہوریت کے لئے آگے کھڑی ہو گی۔ سکھر ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا پیپلزپارٹی غریبوں کی خدمت کرتی ہے شاید امریکہ جاسوسی کر کے چیک کرنا چاہتا ہو یہ غریبوں کی خدمت کیسے کرتے ہیں۔ حکومت کو چاہئے وہ امریکہ سے اس معاملہ پر احتجاج کرے۔ ان کا کہنا تھا سندھ میں آنے والے آئی ڈی پیز کے کوائف چیک کرنے کیلئے چیک پوسٹیں بنا دی ہیں۔ طاہر القادری جمہوریت ختم کرنے کے لئے انقلاب لائیں گے تو پیپلزپارٹی ان کے آگے کھڑی ہو گی اور پی پی اس گندی سیاست کا حصہ نہیں بنے گی۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کسی احمقانہ سیاست کا حصہ نہیں بنے گی، ہم نے کبھی بیوقوفانہ سیاست نہیں کی، طاہر القادری جمہوریت کا خاتمہ کرنے بڑھیں گے تو پیپلز پارٹی انکے سامنے کھڑے ہوکر مقابلہ کریگی، آئی ڈی پیز پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے، نقل مکانی کرنا ہر کسی کا حق ہے، ان کوکسی صوبے میں داخلے سے روکنا وفاق کو تسلیم نہ کرنے والی بات ہے۔ سندھ میں ان کے داخلے پر سندھ کے لوگوں کو تحفظات ہیں کہیں انکے بھیس میں دہشت گرد داخل نہ ہو جائیں، صوبائی حکومت نے اسی لئے رجسٹریشن رکھی ہے تا کہ نہ صرف ان کی شناخت ہو سکے وہ واپس بھی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا امریکہ کی جانب سے پیپلز پارٹی کی جاسوسی کرنا خوشی کی بات ہے ہم جمہوریت پسند لو گ ہیں تاہم حکومت کو ملک کے اندر جاسوسی کرنے پر امریکہ سے تحفظات کا اظہار کرنا چاہئے ہم نے بھی ایک خط لکھ کر احتجاج کیا ہے، ان کا کہنا تھا اطہر عباس کی جانب سے آپریشن ختم کرنے کے بیان کا مجھے کوئی علم نہیں عسکری قیادت کے درمیان ایسی کوئی بات ہوئی بھی ہے تو مجھے اسکا علم نہیں ان کا کہنا تھا ہم نے سوات میں کامیاب آپریشن کر کے دکھا یا جس کے بدلے میں ہم الیکشن بھی ہارے۔ انہوں نے کہا تحفظ پاکستان بل پر ہائوس میں تو یہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے میکے کو بھی راضی رکھا جائے اور سسرال کو بھی۔ اے این این کے مطابق یوم سیاہ کے حوالے سے پریس کلب لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینٹ میں قائد حزب اختلاف چوہدری اعتزاز احسن نے کہا 11 مئی کے عام انتخابا ت میں ’’مہا‘‘ دھاندلی ہوئی لیکن ہم جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔کینیڈا سے جوتے، کپڑے اور جرابیں سمیت سب کچھ واپس لانے کا دعویٰ کرنے والے طاہر القادری بتائیں کیا انہوں نے کینیڈین پاسپورٹ پھاڑا ہے یا نہیں؟ یہ کیسا انقلاب ہے جو چودھری برادران اور شیخ رشید کیساتھ ملکر آرہا ہے۔ لگتا ہے جلد انقلاب واپس ٹورنٹو چلا جائیگا جبکہ عمران خان کا ایجنڈا ابھی واضح ہی نہیں۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید چودھری، بیرسٹر عامر، شاہدہ جبیں اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اعتزاز احسن نے کہا 5جولائی 1977ء کا سیاہ واقعہ رونما نہ ہوتا تو آج پاکستان اسلامی دنیا کی قیادت کررہا ہوتا، خطے کا سب سے ترقی یافتہ ملک اور بھارت ہماری منڈی ہوتا۔ آج بھارت ہمارے پیچھے پیچھے بھاگ رہا ہوتا، انتہاپسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت کا کہیں نام و نشان بھی نہ ہوتا۔ 73ء کے آئین کو مسخ نہ کیا جاتا اور آج عوام کو اسی آئین کے تحت تمام بنیادی حقوق مل رہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کوئی بھی انقلاب بلٹ پروف گاڑیاں مانگ کر نہیں آتا۔ لگتا ہے عمران نے اپنے موقف میں لچک پیدا کی ہے وہ حتمی پروگرام طے کرلیں تو پھر اس پر رائے دیں گے لیکن ایک بات واضح ہے پیپلز پارٹی جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی۔ انہوںنے کہا این اے 124کی ری چیکنگ کے دوران 264 بیگز کے معائنہ کے دوران 152کی سیلیں ٹوٹی ہوئی تھیں جبکہ 112میں پریزائیڈنگ افسران کے جاری کردہ نتائج کی بجائے ریٹرننگ افسر نے مرضی سے نتائج ڈالے ہوئے ہیں جلد ہی وائٹ پیپر جاری کروں گا۔

مزیدخبریں