کابل (بی بی سی+اے ایف پی) افغان دارالحکومت کابل میں طالبان نے حملہ کر کے چار سو آئل ٹینکروں کو آگ لگا دی۔ ٹرک ڈرائیورز نے احتجاجاً کابل قندھار ہائی وے بند کردی۔افغان پولیس کے ترجمان حشمت اللہ استنکزئی کے مطابق طالبان نے رات کو کابل قندھار ہائی وے کے پارکنگ ڈپو پر بموں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور چار سو فیول ٹینکرز میں آگ لگ گئی جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔ فائر فائٹرز کئی گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا۔ حملے کے خلاف ڈرائیورز نے احتجاجاً کابل قندھار ہائی وے بند کر دی۔ طالبان نے نیٹو سپلائی کے لئے استعمال ہونے والے ٹینکروں پر حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے، جبکہ افغان وزارت داخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمشن قائم کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ایک آئل ٹینکر کے ڈرائیور جنت گل نے بتایا کہ وہ اپنے ٹینکر میں سویا ہوا تھا کہ تین زوردار دھماکوں سے اس کی آنکھ کھل گئی جس کے بعد میں نے آئل ٹینکروں کو یکے بعد دیگرے دھماکوں سے پھٹتا دیکھا۔ نیٹو فورسز کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ اس واقعہ میں کتنا تیل تباہ ہوا ہے۔
کابل: طالبان کا حملہ‘ نیٹو فورسزکو تیل سپلائی کرنیوالے 400 ٹینکروں کو آگ لگا دی
Jul 06, 2014