آپریشن جاری‘ ازبکوں سمیت بیسیوں دہشت گرد ہلاک‘ 5 ٹھکانے‘ اسلحہ کا بڑا ذخیرہ تباہ‘2 اہلکار شہید

میرانشاہ + ہنگو (اے پی اے+ ثنا نیوز+ این این آئی) سکیورٹی فورسز نے آپریشن ضربِ عضب کے دوران دہشت گردوں کے مزید کئی ٹھکانے تباہ کردیئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں جہاں زمینی کارروائیاں کی جا رہی ہیں وہیں ایجنسی کے مختلف علاقوں میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  میرانشاہ اور بویاگاؤں میں گزشتہ صبح دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی گئی جس میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونیوالوں میں اکثریت ازبک دہشت گردوں کی تھی، کارروائی میں دہشت گردوں کے 5 ٹھکانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔ آپریشن ضرب عضب کے دوران دیگان اور محمد خیل میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے جبکہ میرانشاہ سے بارودی سرنگوں کا بڑا ذخیرہ پکڑا گیا۔ یہ سرنگیں کئی گھروں کے ساتھ بچھائی گئی تھیں۔ واضح رہے گزشتہ ماہ سے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فوج کو کامیابی حاصل ہورہی ہے اور اب تک 400 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ این این آئی کے مطابق فضائی کارروائی میں دہشت گردوں کے غار اور اسلحہ کا بھاری ذخیرہ تباہ کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میرانشاہ اور بویا گائوں میں دہشت گردوں کی طرف سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا جس پر ہفتہ کی صبح فضائی کارروائی کی گئی۔ دریں اثناء ہفتہ کی صبح باوردی سرنگ پھٹنے سے ایک فوجی اس وقت شہید ہو گیا جب وہ علاقہ کلیئر کرانے کے آپریشن میں شریک تھا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین میجر جنرل سعید علیم نے کہا ہے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم امدادی کیمپوں میں نقل مکانی کرنے والے افراد کو زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے بنوں کے علاقے بکاخیل میں نقل مکانی کرنے والے افراد کیلئے قائم امدادی کیمپ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے امدادی کیمپ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے نقل مکانی کرنے والے افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو انہیں فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے نقل مکانی کرنے والے افراد کو بسترفراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ثنا نیوز کے مطابق دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب جاری ہے، کچھ مقامات پر دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی مزاحمت کا سامنا ہے، میرانشاہ اور بویا گائوں میں دہشت گردوں کی مزاحمت پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔ ہفتہ کی صبح بارودی سرنگ کے دھماکے سے ایک اور جوان شہید ہو گیا۔ خیبر پی کے حکومت نے پشاور میں بھی شمالی وزیرستان کے آپریشن متاثرین کی رجسٹریشن کیلئے مرکز قائم کر دیا ہے جہاں کل 7جولائی سے متاثرین کے اندراج کا کام شروع ہو گا۔ ایف ڈی ایم اے کے مطابق رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد متاثرین کو سات ہزار روپے ماہانہ خرچہ، پانچ ہزار روپے کا غذائی مواد، تین ہزار روپے ماہانہ گھر کا کرایہ اور رمضان پیکیج کے تحت فی خاندان 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے، 6جولائی سے متاثرین کو نقد ادائیگی کا سلسلہ بھی روکدیا جائیگا اور آئندہ ادائیگی موبائل سِم کے ذریعے کی جائیگی۔ حکام کا مئوقف ہے سم کے ذریعے ادائیگی کا مقصد اس پورے عمل کو مزید شفاف بنانا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سطح کے ایک سرکاری ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا غیرملکی دہشت گردوں نے مقامی افراد کو یرغمال بنا رکھا تھا۔ مزید برآں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد سات لاکھ  سے زائد ہوگئی ہے۔ متاثرین رجسٹریشن کیلئے رمضان کے مقدس مہینے میں بھی گھنٹوں لائن میں کھڑے رہتے ہیں۔دوسری جانب رجسٹریشن اور راشن پوائنٹ کم ہونے کی وجہ سے متاثرین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لاکھوں کی تعداد میں نقل مکانی کرنے والے متاثرین لمبی لمبی قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں۔ ایف ڈی ایم اے کے مطابق رجسٹریشن پوائنٹ کی تعداد 3 سے بڑھاکر 10 تک کی جارہی ہے۔رمضان المبارک اور شدید گرمی کی وجہ سے قطاروں میں کھڑے متاثرین شدید اذیت کا شکار ہیں۔ ادھر ہنگو کے علاقہ بڑھ عباس خیل میں ایک گھر پر ہینڈ گرنیڈ حملہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ علاقہ حیات آباد میں گھر کے سامنے نصب بم کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ ہنگو کے علاقہ بڑھ عباس خیل میں جمعہ کی شب سید رحیم نامی شخص کے گھر پر نامعلوم افراد نے ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا جس کے پھٹنے سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سپن وام ہنگو میں چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ہوا جس سے ایک اہلکار شہید جبکہ 2زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...