لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں انصاف کے حصول کیلئے حکمت عملی طے کرلی ہے، قاتل کتنے ہی بااثر کیوں نہ سہی، قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے اور شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ اپنی رہائش گاہ پر شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا کے اعزاز میں افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست اور وکالت سے تعلق رکھنے والے ہر ذی شعور سے میرا سوال ہے کہ جوڈیشل مائنڈ اپلائی ہونے کے بعد ایگزیکٹو کی انکوائری کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟ اور کیا ایگزیکٹو، ایگزیکٹو کے خلاف غیر جانبدارانہ انکوائری کرسکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے عدالتی کمشن کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ماتحت افسروں کی جے آئی ٹی بنانا بدنیتی پر مبنی اور شہدا کے لواحقین کو انصاف سے محروم کرنے کی مذموم حرکت ہے۔ اس موقع پر شہداء کے بچوں اور بچیوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے ماں باپ نے انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں، انقلاب کے عظیم مشن کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے بچوں کو پیار کیا اور کہا کہ ایسے جانثار کارکن آج تک کسی ماں نے پیدا نہیں کئے۔
سانحہ ماڈل ٹائون میں انصاف لینے کیلئے حکمت عملی طے کرلی: طاہر القادری
Jul 06, 2015