لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے بھارتی خفیہ ایجنسی’’را‘‘ کے کشمیری قیادت پر الزامات مضحکہ خیز اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ سید علی گیلانی جیسے بزرگ قائدین پوری کشمیری و پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں۔ متحدہ جہاد کونسل اورصلاح الدین پر الزامات بھی گمراہ کن ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق چیف نے منظم منصوبہ بندی کے تحت تحریک آزادی کے حوالہ سے کنفیوژن اور بداعتمادی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ کشمیری و پاکستانی قوم ہندوستانی ایجنسیوں کے گھنائونے کردار سے بخوبی واقف ہے‘ کشمیری قیادت کو بدنام کرنے کی سازشیں کسی صورت انشااللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ ماڈل ٹائون میں جماعۃ الدعوۃ لاہورکے زیر اہتمام افطار ڈنر کے موقع پر خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بھارتی حکومت اوراس کی ایجنسیاں تحریک آزادی کشمیر کو دن بدن مضبوط اور کشمیریوں کی جانب سے پاکستانی پرچم لہراتے دیکھ کر سخت پریشان ہیں۔ یہی وجہ ہے وہ مذموم ہتھکنڈوں کے ذریعہ اس تحریک سے متعلق شکوک و شبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے سابق چیف اے ایس دلت کی کتاب میں لگائے الزامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ علی گیلانی، یٰسین ملک اور صلاح الدین سمیت پوری کشمیری قیادت کا کردار ساری دنیا کے سامنے واضح ہے۔ بھارتی ظلم و استبداد کے خاتمہ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑی ہے۔
’’را‘‘ کے الزامات جھوٹ کا پلندہ‘ گیلانی جیسے قائدین قوم کے ہیرو ہیں: حافظ سعید
Jul 06, 2015