ملتان :گھاس کاٹنے کا تنازع ، زمیندار کے ساتھیوں کے تشدد سے ایک شخص قتل ،داماد ،بیٹی زخمی

Jul 06, 2015

ملتان +راولپنڈی (صباح نیوز+آئی این پی )گھاس کاٹنے کے تنازعے پر مقامی زمیندار کے ساتھیوں نے 55سالہ مختیار کو تشدد کر کے قتل کر دیا جبکہ تشدد سے مختیار کا داماد اور بیٹی زخمی ہوگئے ۔ ملتان کے علاقے موضع پیپل والا میں مختیار ، اس کی بیٹی کنیز اور داماد الیاس مقامی زمیندار ملک جہانزیب کی زمینوں سے گھاس کاٹ رہے تھے کہ زمیندار کے ساتھیوں نے تینوں پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا اور بیہمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ۔ تشدد سے 55 سالہ مختیار موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کا داماد الیاس شدید زخمی ہوا ۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ قطب پور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مختیار کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کردیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری طرف راولپنڈی کے علاقے ٹرانسفارمر چوک کے قریب لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق لین دین کے تنازعہ پر فائرنگ سے زخمی دو افراد کو بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت رحمن اکبر اور نوید کے نام سے ہوئی۔

مزیدخبریں