لاہور (نیوزرپورٹر) پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال کے نئے تعینات ہونے والے پرنسپل پروفیسر خالد محمود نے کہا ہے کہ ادارے میں طبی خدمات کا معیار مزید بلند کرنے اور ہسپتال کی ترقی کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے۔ جس پر مرحلہ وار عملدرآمد سے بہت جلد انسٹی ٹیوٹ میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ ادارے میں ڈاکٹر، نرسز اور پیرا میڈیکس کی حاضری مانیٹر کرنے کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔ اور ہسپتال کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر اور سٹاف و لواحقین کی سہولت کے لیے ادارے کے اندر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا انسٹیٹیوٹ میں طب کے مختلف شعبوں میں ریسرچ کرنے والے ڈاکٹروں کے نام ادارے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں گے۔