دہشت گردی، انتہا پسندی کیخلاف علاقائی،عالمی سطح پر بھارت سے ملکر لڑینگے،نیتن یاہو

تل ابیب (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے دوسرے روز تل ابیب میں انکے اور صہیونی ہم منصب بنجمن نیتن یاہو کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے۔ دونوں ملکوں نے خلائی ٹیکنالوجی، زراعت اور پانی کی صفائی تے متعلق 7 معاہدوں پر دستخط کیے۔ دونوںممالک کے درمیان اربوں ڈالر کا دفاعی تعاون پہلے ہی جاری ہے جس کا مذاکرات میں ذکر نہیں کیا گیا۔ گذشتہ روز ہونے والے 7 معاہدوں کے تحت صنعتی ترقی کے حوالے سے تحقیق کو فروغ دینے کیلئے بھارت اور اسرائیل 4 کروڑ ڈالر کے فنڈز سے کام شروع کریں گے۔ اس کے علاوہ زرعی شعبے میں پانی کے بہتر استعمال کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ظاہر کیا گیا۔ مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے نریندر مودی اور بھارت کے لیے خاصی گرمجوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی جوڑی آسمانوں پر بنی ہے۔ اس رشتے کو ہم دنیا میں نبھا رہے ہیں۔ دونوں ممالک جمہوریت بھائی ہیں۔ نیتن یاہو اور نریندر مودی نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ بھارت اور اسرائیل مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا علاقائی اور عالمی سطح پر مقابلہ کریں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرح تشدد دہشت گردی اور اس کے ذریعے پھیلائی گئی نفرت سے متاثر ہوا ہے اور مجھے اس بات پر اتفاق ہے کہ بھارت اور اسرائیل کو اپنے سٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے ملک کر اور بہت کچھ کرنا چاہیے۔ بڑھتی ہوئی انتہا پسندی سے مل کر لڑنا چاہیے۔ بھارتی وزیراعظم نے نیتن یاہو کو دورہ بھارت کی دعوت دی جو انہوں نے بخوبی قبول کر لی۔ دوسری طرف این این آئی کے مطابق اسرائیل بھارت کو دس مسلح ڈرونز حوالے کرنے کو تیار ہو گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دو سال قبل چار سو ملین ڈالر مالیت کے مسلح ہیرون ڈرونز حتمی ادائیگی کے بعد نئی دہلی کے حوالے کردیئے جائیں گے۔ اسرائیلی اخبارکے مطابق مودی کے دورہ اسرائیل کے دوران دس جدید مسلح ڈرونز ہیرون ٹی پی بھارت کے حوالے کیے جاسکتے ہیں۔بھارتی حکومت نے فضائیہ کی درخواست پر ان دس ڈرونز کے خریدنے کی منظوری دی تھی،ستمبر2015میں اس کا معاہدہ کیا گیا تاہم اس سودے کو خفیہ رکھا گیا۔2004میں اسرائیل کے ایئرواسپیس انڈسٹریز میں تیار کیا جانے والے ہیرون ڈرون کاوزن53سو کلوگرام ہے جبکہ یہ ایک ہزارکلوگرام کا وزن اٹھاسکتا ہے اور چالیس گھنٹے فضا میں رہ سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن