شیخوپورہ + لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار خصوصی + نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کے درمیان تنازعہ مزید شدت اختیار کر گیا۔ وکلاء نے مطالبات کے حق میں بار روم میں احتجاجی جلسہ کیا اور ڈپٹی کمشنر آفس تک ریلی نکالی ریلی، قیادت پنجاب بار کونسل کے ممبر رانا سیف خان، ڈسٹرکٹ بار کے صدر میاں عبدالسعید، جنرل سیکرٹری میاں لیاقت، سابق جنرل سیکرٹری طاہر شہزاد کمبوہ، رانا زاہد، ایم بی طاہر، رانا وزیرعلی، عباس ڈوگر اور دیگر سینئر وکلاء نے کی۔ اس موقع پر بھی وکلاء اور ایپکا ضلع شیخوپورہ کے کلرکوں کے درمیان لڑائی ہوتے ہوتے رہ گئی جب وکلاء ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے اس دوران ایپکا شیخوپورہ کے صدر اکرم سرویا کی قیادت میں دو درجن سے زائد کلرکوں نے ڈپٹی کمشنر ارقم طارق کے حق میں نعرے بازی شروع کر دی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے وکلاء کو ایپکا کے کلرکوں کی طرف جانے سے روک دیا ممبر پنجاب بار کونسل رانا سیف خان، صدر ڈسٹرکٹ بار میاں عبدالسعید، جنرل سیکرٹری میاں لیاقت نے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارقم طارق پر کرپشن، ٹھیکوں میں کمشن لینے جیسے سنگین الزامات عائد کیے اور کہا ڈپٹی کمشنر نے سو وکلاء پر دہشت گردی کا مقدمہ دائر کرایا جس سے وکلاء کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔ قرارداد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر کا فوری طور پر تبادلہ کیا جائے وکلاء کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر ختم کی جائے او ر وکلاء مذکورہ دیوار کو نہیں بننے دیں گے وکلاء اپنے مطالبات منظور ہونے تک عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔ مشتاق گادی، چوہدری مرتضی ورک، ریحانہ زوار گھمن، امجد بجار، طاہر شہزاد کمبوہ، کامران ذوالفقار ورک، رانا زاہد کمبوہ، خرم ریاض کاہلوں، عبدالمناف خان، تنویر احسن ورک اور سجادباقر ڈوگر نے بھی ڈپٹی کمشنر پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کیے۔ علاہ ازیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شیخوپورہ کی سینئر خواتین ممبر ریحانہ زوارگھمن، شازیہ بخاری اور عاصمہ ناز بھٹی کی قیادت میں خواتین وکلاء نے دیوار گرانے کے واقعہ پر ڈپٹی کمشنر کی طرف سے سو سے زائد وکلاء پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کروانے کے خلاف احتجاجاً چھ درجن چوڑیاں لے کر ڈپٹی کمشنر آفس میں چلی گئی جہاں ڈپٹی کمشنر تو موجود نہیں تھے تو انہوں نے چوڑیاں ڈپٹی کمشنر کی میز پر رکھ دیں۔ ڈی سی شیخوپورہ ارقم طارق نے سو سے زائد وکلاء کے خلاف 7ATA سمیت دیگر دفعات پر مشتمل مقدمہ تھانہ سٹی بی ڈویژن میں درج کروایا۔ شیخوپورہ بار کونسل کے وکلا کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کئے جانے کے خلاف شیخوپورہ بار کے سابق صدور سمیت وکلا رہنمائوں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چودھری ولایت ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سابق ممبر پنجاب بار، میاں پرویز سابق صدر بار، رانا زاہد سابق سیکرٹری، سیدساجدالرحمان، سابق صدر چودھری منور سابق صدر ودیگر سینکڑوں وکلا نے کہا ہے کہ وہ اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔
شیخوپورہ: ڈپٹی کمشنر سے تنازعہ، وکلا کی دوسرے روز بھی ہڑتال، ریلی
Jul 06, 2017