اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اد اکئے گئے الفاظ ’’روک سکو تو روک لو‘‘ سوشل میڈیا کی زبان بن گئے۔ یہ الفاظ ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہے اور ہزاروں افراد نے اس ٹرینڈ میں اپنے ٹویٹس کئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو جے آئی ٹی میں 2 گھنٹے پیشی کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز جب جوڈیشل اکیڈمی سے باہرآئیں اور انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی تو انہوں نے اس وقت یہ الفاظ بھی استعمال کئے کہ ’’نواز شریف ہر بار وزیر اعظم بنیں گے ‘ روک سکتے ہو تو روک لو‘‘ لوگوں نے مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ واقعی بہادر باپ کی بہادر بیٹی ہیں۔ بعض نے کہا کہ پاکستان میں مریم نواز کی شکل میں ایک اور بڑی لیڈر پید اہو گئی ہے۔