.مریم کی والد‘ والدہ سے ملاقات‘ دعائیں لیں، قرآن کے سائے میں پیشی کیلئے رخصتی

اسلام آباد (عترت جعفری) وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازشریف نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں جائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو اپنی پیشی سے قبل اپنی والدہ محترمہ بیگم کلثوم نوازشریف سے دعائیں لیں۔ والد محترم نے بھی بیٹی کو دعائیں دیں اور قرآن پاک کے سائے میں پانامہ کیس کی تفتیش کیلئے روانہ کیا۔ مریم نوازشریف عام شہری کی طرح فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آئیں۔ مختلف شہروں سے مسلم لیگی ہزاروں کارکن فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر جمع تھے۔ اکیڈمی کے اردگرد بیشتر راستے بند کر دیئے گئے‘ سامنے والا پارک خالی کرالیا گیا۔ مریم نوازشریف بلیک رنگ کی مرسڈیز کار میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آئیں۔ کار انکے بھائی حسن نوازشریف چلا رہے تھے جبکہ دوسرے بھائی حسین نوازشریف‘ کیپٹن محمد صفدر‘ داماد راحیل منیر‘ آصف کرمانی ہمراہ تھے۔ تقریباً 11بجے ان کی آمد ہوئی۔ مریم نوازشریف نے کارکنوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا، مسلم لیگی کارکنوں کا اجتماع اس موقع پر توقع کے برعکس منظم رہا اور پولیس رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔ تاہم لائوڈ سپیکر پر نعرہ بازی ہوتی رہی، شیر کے پتلے فضا میں بلند کیے جاتے رہے۔ وزیر مملکت عابد شیرعلی کو کارکنوں نے کندھے پر اٹھالیا۔ مریم نوازشریف عمارت کے اندر بھی گئیں جبکہ حسین نوازشریف اور اہم شخصیات بھی ممکنہ طور پر عمارت کے اندر انتظار گاہ میں بیٹھی رہیں۔ مریم نوازشریف اور جائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے درمیان سوال و جواب کا سلسلہ تقریباً 2گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران ڈاکٹر آصف کرمانی نے میڈیا سے بات چیت کیلئے ٹینٹ لگوایا گیا تھا اور یہاں پنکھوں کا اہتمام بھی تھا جہاں پر کارکن اور دوسرے رہنما ایک دوسرے سے گپ شپ کرتے رہے۔ ان کا موضوع گفتگو زیادہ تر پانامہ کیس رہا۔ رکن قومی اسمبلی محمد صفدر مریم نوازشریف کو جوڈیشل اکیڈمی چھوڑنے کے بعد واپس چلے گئے۔ مریم نوازشریف جب جے آئی ٹی کی تفتیش کا سامنا کرنے کے بعد باہر آئیں تو میڈیا کے سامنے اپنا طویل بیان دیا۔ بیان کی طوالت دیکھتے ہوئے صحافیوں نے سوال کرنا چاہے اور صحافی نے سوال کردیا ’’آپ نے منی ٹریل دیدی ہے؟‘‘ اس پر مریم نے کہا ان کی بات ابھی ختم نہیں ہوئی اور پھر بیان شرو ع کردیا اور بات مکمل کرتے ہی سوالات کا موقع دیئے بغیر شکریہ ادا کرکے اپنی کار کی جانب بڑھ گئیں۔ تاہم حسین نوازشریف دوبارہ آئے اور پاکستان منی ٹریل کا سوال سنا اور جواب دینا شروع کیا۔ مریم نوازشریف عمارت کے سامنے والے دروازے سے اندر گئیں۔ مریم نوازشریف بیان دیتے ہوئے ایک دوبار جذبات کے غلبہ میں بھی آئیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...