چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ بعدازاں عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب کہتے ہیں ایک خاندان کے خلاف سازش ہوئی۔ بدھ کے روز جو ڈرامہ دیکھا اس کیلئے الفاظ نہیں۔ پانامہ لیک کا انکشاف موزیک فونیسکا کے کمپیوٹر ہیک سے ہوا۔ یہ کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے اور وہ اسے بچا رہے ہیں، جمہوریت برطانوی وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں وضاحت دے کر بچائی، جمہوریت آئرلینڈ کے وزیراعظم نے استعفےٰ دے کر بچائی۔ آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ پر نواز شریف اور خاندان کی تصاویر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن میں مے فیئر فلیٹس ہمارے نہیں۔ میں نے 1996ءمیں ان کے فلیٹ کے باہر مظاہرہ کیا کہ یہ منی لانڈرنگ سے خریدے گئے ہیں۔ پانامہ لیکس میں ان کا نام آیا تو تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں ان سے وضاحت مانگی۔ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کاغذا لہرا کر کہا یہ ہیں دستاویزات۔ مریم نواز نے ٹی وی پر کہا ہماری بیرون ملک کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔ جواب دینے کی بجائے جھوٹ پر جھوٹ بنانا شروع کر دیا۔ نواز شریف نے کہا میں خود کمشن بناﺅں گا جو چیف جسٹس نے رد کر دیا۔ پارلیمنٹ میں خواجہ آصف نے کہا میاں صاحب لوگ بھول جائیں گے۔ تب ہم سڑکوں پر آ گئے۔ سپریم کورٹ کے پانچ میں سے دو ججز نے کہا کہ یہ صادق اور امین نہیں۔ جے آئی ٹی کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ان میں سے کوئی کہہ رہا ہے ہمارے لوہے کے دانت ہیں، مسلم لیگ ن کے چوہے نے جے آئی ٹی کو کہا تمہارے بچے یہاں نہیں رہ سکیں گے۔ چھوٹا سا جواب دینا تھا کہ فلیٹ کس کی ملکیت ہیں، سازش کرنے والوں کا نام لیں کون سازشیں کر رہا ہے۔ نام لے کر بتائیں کہ آپ کے خلاف سازش فوج کر رہی ہے یا سپریم کورٹ؟ آپ کو صرف چار محلات کے اصل مالک کی دستاویز دکھانی ہیں۔ اگر مے فیئر فلیٹس کی مالک مریم نواز ہیں تو مطلب ہے کہ فلیٹس 1993ءمیں لئے گئے۔ انہوں نے خریدنے کی کوشش کی، جب پیسہ نہیں چلا تو کہا یہ ہمارے خلاف ہیں، اب تک انہوں نے منی ٹریل نہیں دکھائی۔ اگر انہوں نے دھمکیاں دینا بند نہ کیں تو عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔ قوم ایک کال کا انتظار کر رہی ہے، پوری قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ اپنی چوری بچانے کیلئے ملک تباہ کر رہے ہیں۔ شریف خاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہا ہے۔ ن لیگ والے سب بھارتی ٹریجڈی فلم کی طرح آنسو بہا رہے ہیں، پانامہ کا عالمی سطح پر انکشاف ہوا، پانامہ کے ڈرامے میں دو تین چیزیں نکلی ہیں، پانامہ لیکس کی وجہ سے پوری دنیا میں کارروائی شروع ہوئی۔ ن لیگ والوں نے جواب دینے کی بجائے ڈرامہ شروع کر دیا ہے، نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کاغذات لہراتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہیں دستاویزات۔ عدلیہ کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اگر انہوں نے کچھ کیا تو پوری قوم مقابلے کیلئے تیار ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ حسین نواز نے بینی فیشل اونر کی دستاویزات ابھی تک نہیں دکھائیں، سب کہتے ہیں کہ ایک خاندان کے خلاف سازش ہوئی، سازش کرنے والوں کا نام لیں۔ دریں اثناءایک انٹرویو میں عمران نے کہا ہے کہ کسی خاتون کا پانامہ کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا اچھا نہیں لگتا شریف خاندان اپنی کرتوتوں کا صلہ پارہا ہے‘ بدعنوانی کے خلاف مشن جاری رکھ کر قوم کو کرپشن فری پاکستان دیں گے۔ شریف خاندان نے ملک میں مغل دور کی بادشاہت قائم کررکھی ہے اور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے لیکن یہ طرز حکمرانی اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا میں ہمیشہ سچ بات کہتا ہوں اور بدعنوانی کے سخت خلاف ہوں یہی وجہ ہے کہ شریف خاندان کی بدعنوانی کے خلاف بولنے پر میرے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے لیکن جتنا بھی میرے خلاف بولیں گے میں اتناہی سچ بولتا رہوں گا تاکہ کرپشن کے خلاف اپنے مشن کو منطقی انجام تک پہنچا کر قوم کو کرپشن فری پاکستان دے سکوں۔