کراچی( اسٹاف رپورٹر)سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک اور فضائی بیڑے کو وسعت دے۔ جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا آظہار کمیٹی کے ارکان نے پی آئی اے ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں کیا۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کی جبکہ سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر فدا محمد اور سینیٹر مومن خان آفریدی نے بھی شرکت کی۔ وفاقی سیکریٹری ایوی ایشن ڈاکٹر اعجاز منیر، صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ڈاکٹر مشرف رسول سیان ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن حسن بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن خاور غیاث، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل موسمیات ڈاکٹر محمد حنیف اور ڈائریکٹر آپریشن اے ایس ایف کرنل نوید بھی موجود تھے۔ سینٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ پی آئی اے کی کارکردگی میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے اور خاص طور پر پچھلے پانچ سال میں فضائی بیڑے کی تعداد میں دُگنا اضافہ ہوا ہے اور نقصانات میں کمی واقعی ہوئی ہے۔اس کے باوجود مسافروں کی سہولت کے لئے بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ سینیٹر شیری رحمن ‘پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول نے کہا ہے کہ پی آئی اے اسٹاف اورفلائٹ کریو کی کارکردگی بہترہوئی ہے۔