سکھر + بھلوال (حسیب شیخ+ نامہ نگار) بلاول بھٹو زرداری نے مخالفین سے کہا ہے کہ وہ بغض بھٹو میں جو کرنا چاہتے ہیں کریں مگر پیپلز پارٹی کو عوام سے نہیں نکال سکتے وہ تو سندھ بچانے کی باتیں کر رہے تھے لیکن سندھ توڑنے والوں سے جا ملے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے لیاری کے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا اس نے تو ان لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے جن لوگوں نے وہاں پر سازش کی تھی ان لوگوں نے جو کیا وہ لیاری کا سپرٹ نہیں تھا، کٹھ پتلی الائنس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ پیپلز پارٹی عوام میں ہے اس کے خلاف جو پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے وہ ٹی وی کی سکرینوں پر ضرور ہو گا لیکن گزشتہ چار دن سے عوام نے جس جوش و جذبے سے میرا استقبال کیا ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے عوام میرے ساتھ ہیں، ہم پارلیمنٹ میں آ کر جمہوریت کے تمام حصوں کو مضبوط کریں گے تاکہ بنیادی حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے۔ ہم اس پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ نوازشریف کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے حوالے سے دیئے گئے بیان پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مطلوبہ ملزم یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس کا فیصلہ کب سنایا جائے یہ عدالت پر منحصر ہونا چاہئے کہ وہ کب فیصلہ سناتی ہے، بی بی شہید نے آمریت کے خلاف جدوجہد کی وہ آمروں سے لڑتی رہیں۔ ملکی تاریخ میں 5 جولائی کو ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا‘ آمر ضیا نے ملک سے جمہوریت کا صفایا کرنے کی سازش کی‘ پیپلز پارٹی کی قیادت نے تین آمریتوں کے خلاف لڑائی لڑی اور انہیں شکست دی‘ جمہوریت دشمن قوتوں کو بھرپور جواب دینگے تحریک انصاف کو پی پی بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ عوام نے جس طرح ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر کا ساتھ دیا، میرا بھی ساتھ دیں۔ ہمارے منشور میں بھوک مٹاﺅ پروگرام شامل ہے۔ میں بے نظیر بھٹو کا مشن پورا کرنے نکلا ہوں۔ بھلوال میں ہولوگرام کے ذریعے جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ آج بھی پیپلزپارٹی اسی طرح زندہ ہے جس طرح بے نظیر بھٹو کے دور میں تھی، کارکنوں کا عزم اور حوصلہ میرے لئے مشعل راہ ہے۔ ہاں چند ان مفاد پرستوں نے ہمارا ساتھ ضرور چھوڑا جنہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے خون اور بھٹو شہید کے نظریہ کی قسم کھا کر میرا ساتھ دینے کا عہد کیا تھا۔آج ملک میں کوئی خلائی مخلوق سے لڑرہا ہے اور کسی کو ملک میں کرپشن کے سوا کوئی مسئلہ ہی نظر نہیں آتا۔ علاوہ ازیں صدر آصف علی زرداری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی سے سکھر تک عوام کا سمندر بلاول کے ساتھ تھا بلاول بھٹو زرداری سے عوام کی محبت پیپلز پارٹی کے مخالفین کیلئے نوشتہ دیوار، جیالے نہ ڈرنے والے ہیں نہ بکنے والے اور نہ ہی جھکنے والے کیونکہ وہ ایک نظریے سے محبت کرتے ہیں وہ نظریہ ہے عوام کی خدمت ۔
بلاول