لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عشق مصطفی کا تقاضا ہے کہ ملک میں نظام مصطفی نافذ ہو ۔ اقتدار میں آکر تحفظ ناموس رسالت کے قوانین کو مزید بہتر بنائیں گے ۔ مغربی لابی ناموس رسالت قانون کو ہدف بنائے ہوئے ہے ۔ الیکشن2018 ءکا اصل مقابلہ لبرل اور نظریہ پاکستان پر ایمان رکھنے والوں کے درمیان ہے ۔ 70 سال سے مسلط کرپٹ اشرافیہ نے نظریے کو چھوڑا اور ملک کو توڑا ۔ سیاست کو پیسے کا کھیل بنادیا گیاہے لیکن الیکشن کمشن بے بس نظر آرہاہے ۔ اگر انتخاب اور احتساب ساتھ ساتھ چلتا تو بہت سے لٹیروں کار استہ روکا جاسکتا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کے قصبہ رانی دیر میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ یعقوب خان اور مولانا اسد اللہ بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ الیکشن کے موقع پر الیکشن کمشن کو بے بس نظر نہیں آنا چاہیے بلکہ پوری قوم سے انتخابی قوانین اور ضابط اخلاق پر عمل کو یقینی بناناچاہیے ۔ سیاست اور جمہوریت کو گھر کی لونڈی سمجھنے اور الیکشن کو پیسے کا کھیل بنانے والوں نے موجودہ الیکشن کو بھی یرغمال بنانے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں مگر الیکشن کمشن ان ہتھکنڈوں اور ضابطہ اخلاق کے خلاف سرگرمیوں کا کوئی نوٹس نہیں لے رہا۔ قوم عالمی سامراج کے عزائم کو اچھی جانتی ہے ۔ تحفظ نامو س رسالت کے قانو ن پر پہرہ دینے کے لیے اسے دینی قوتوں کا ساتھ دینا ہوگا ۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔ لبرل لابی کو ناکامی سے دوچار ہوناپڑے گا ۔
سراج الحق
انتخاب اور احتساب ساتھ ساتھ چلتا تو لٹیروں کا راستہ روکا جاسکتا تھا: سراج الحق
Jul 06, 2018